مکرم ومحترم جناب مولانامحمداعجازعرفی صاحب حفظہ اللہ

مفتی ناصرمظاہری

کامیابی توکام سے ہوگی نہ کہ حسن کلام سے ہوگی
رکن
بسم اللہ الرحمن الرحیم
مکرم ومحترم جناب مولانامحمداعجازعرفی صاحب حفظہ اللہ
السلام علیکم ورحمۃاللہ وبرکاتہ
خداکرے مزاج بعافیت ہوں!
مرسلہ مراسلہ سے معلوم ہواکہ آپ حسب روایت ’’فکرانقلاب‘‘کا،،دینی مدارس نمبر‘‘تزک واحتشام کے ساتھ شائع کرنے جارہے ہیں،اس سے پہلے بھی آپ نے اس موضوع پرعمدہ ومعیاری خصوصی شمارے شائع کئے ہیں اورعلمی طبقہ نے بہ نظراستحسان دیکھااور پڑھاہے۔
اس وقت اکثراخبارات ورسائل ’’دینی مدارس ‘‘پرخصوصی شمارے اوردستاویزی ضمیمے شائع کررہے ہیں،خودآپ کے پاس بھی درجنوں شمارے اس عنوان کے موجودہوں گے ،میں آپ کے اِس شمارہ کی اشاعت کے موقع پرمبارک باددینے کے علاوہ ایک مشورہ بھی دیناچاہتاہوں:
دین کاہمہ جہتی کام الحمدللہ کسی نہ کسی پیمانہ اوراندازمیں ہورہاہے،ہرمسلمان اگراس کے اندرذرابھی ایمانی رمق باقی ہے تووہ اپنے طورپردین کیلئے فکرمندہے ،لیکن جولوگ بالکل تعلیماتِ دین اوراحکاماتِ اسلام سے ناواقف ہیں اُن کیلئے خصوصی شمارے،دستاویزی جریدے اورضمیمے ہیچ وبیکارہیں،امت کابڑاطبقہ اِس وقت ملحدانہ راہوں پرگامزن ہوچکاہے،جدیدعصری تعلیم کی زہرناکیوں نے اپنااثرپورے طورپرجمالیاہے، فکرونظرپر عیسائی، یہودی اورہنودی چھاپ نظرآرہی ہے،زبان، لباس اورشکل وصورت سب کچھ غیروں کی مشابہت اختیارکرچکاہے۔
یہودی اپنے مذہبی رہنماؤں کے آگے سرتسلیم خم کئے ہوئے ہیں۔۔۔عیسائیوں کاکوئی بھی قدم اُن کے مذہبی مرکز’’ویٹی کن سٹی‘‘ کی رائے اورمنشاء کے بغیرنہیں اٹھتا،ہنودبھی اپنے مذہبی گروکی آراء کے خلاف کوئی کام کرتادکھائی نہیں دیتا،لیکن ۔۔۔مسلمان ۔۔۔جودنیاکی دوسری سب سے بڑی آبادی ہے، اس میں اختلاف رائے۔۔۔اختلاف مسالک۔۔۔احتلاف رنگ ووطن۔۔۔اختلافِ قبائل وبرادری اوراختلاف من وتو۔۔۔اِس قدرسرایت کرچکاہے کہ اب ’’چمن بچاؤغم آشیاں کاوقت نہیں‘‘والی کیفیت سے پوری امت دوچاربلکہ برسرپیکارہے،یہودوہنوداورتمام اسلام دشمن طاتیں یہی توچاہتی ہیں کہ امت مسلمہ کی اجتماعیت منتشرہوجائے ۔۔۔اسلئے مسلمانوں کونئے سرے سے ’’مسلمان ‘‘بنانے کی ضرورت ہے،’’خوئے ایمانی‘‘پیداکرنے کی ضرورت ہے۔۔۔ تمام مؤمنوں کو ان کا’’فرض منصبی‘‘بتانے کی ضرورت ہے ۔۔۔جولوگ علماء اورمشائخ سے دورہوتے جارہے ہیں، اُنھیں قریب کیاجائے،جوخلیج علماء اورعوام کے درمیان حائل ہوچکی ہے اس کوپاٹاجائے۔۔۔نظرئیے جوتبدیل ہوچکے ہیں اُن کوپھرسے اسلامی رنگ وآہنگ سے ہم آہنگ کیاجائے۔
آپ ماشاء اللہ ایک تنظیم کے ذمہ دارہیں،کرنے کے بہت سے کام اورپروازکے لئے بہت سے افق ہیں ،خدارا!امت مسلمہ کی گرتی ساکھ اورمٹتی حالت کے سدھارکیلئے نئے موضوعات پربھی خصوصی شمارے شائع کریں مثلاً’’اسلام کے جیالے نمبر‘‘’’ہنرمندان اسلام نمبر‘‘’’اسلام اورتجارت نمبر‘‘’’فاتحین اسلام نمبر‘‘’’خلافت راشدہ نمبر‘‘’’خانقاہ نمبر‘‘’’ذکروفکرنمبر‘‘’’خلفائے راشدین نمبر‘‘’’ائمۂ دین نمبر‘‘’’مسالکِ اسلام نمبر‘‘’’مجتہدین اسلام نمبر‘‘امام شافعی ؒ ،امام احمدبن حنبلؒ ،امام مالکؒ اورامام اعظم ؒ کے حالات اوران کی خدمات پربھی خصوصی شمارے شائع کیجئے تاکہ مسلکی نفرتیں محبتوں سے بدل سکیں،چھوٹی چھوٹی باتوں کوبنیادبناکرجوبڑی بڑی کھائیاں،گھاٹیاں بدگمانیاں پیداہوچکی ہیں وہ دورہوکرمسلمان بحیثیت مسلمان پھریک سرویک سُرہوکرگنگناسکے ؂
شب گریزاں ہوگی آخرجلوۂ خورشدسے
یہ چمن معمورہوگانغمۂ توحیدسے
 

احمدقاسمی

منتظم اعلی۔ أیدہ اللہ
Staff member
منتظم اعلی
وفیات الاعیان نمبر کے بعد انشاء اللہ کو شش کی جائے گی انشاء اللہ خانقاہ نمبر یا ہنر مندان اسلام نمبر نکالا جائے۔مفتی مظاہری صاحب اور داؤ الرحمن علی صاحب توجہ فرمائیں۔
 
Top