دیوبند ی اور بریلوی اختلاف اور حُسن ظن کا رویہ

ابن عثمان

وفقہ اللہ
رکن
دیوبند ی اور بریلوی اختلاف اور حُسن ظن کا رویہ
ہمارے اس دور میں فرقہ واریت نے ہمیں بہت نقصان پہنچایا ہے ۔ اور مسلسل پہنچ بھی رہا ہے ۔ دل سے خواہش ہے کہ ہمارے لوگوں میں جائز اختلاف کو برداشت کرنے کا حوصلہ پیدا ہو جائے اور جو اختلاف جائز نہیں بھی ہے اس کو بھی حکمت سے حل کیا جائے ۔ ہمارے اس برصغیر میں فرقہ واریت کے کئی محاذ سے بن گئے ہیں ۔ جن میں سنی شیعہ ، حنفی غیر مقلد ، بریلوی دیوبندی ، بڑے محاذ بن گئے ہیں ۔ ان کے علاوہ بھی ہیں ۔ سنی اور شیعہ کے درمیان اختلاف اصولی ہے ۔ اور یہ دراصل دیوبندی،بریلوی،غیرمقلداہلحدیث تینوں کا شیعوں سے اختلاف ہے ۔ اس کو بھی حکمت سے حل کیا جاسکتا ہے ۔ ابھی اس پر بات نہیں کرنی ۔

بعض جزوی تفردات کو چھوڑ کر اصول میں بہرحال دیوبندی ، بریلوی ، اور غیر مقلد اہل حدیث ۔۔تینوں اہل سنت و الجماعت ہی میں شمار ہوتے ہیں ۔

اور جزوی تفردات پر ہی بحث زیادہ کرکے اور اختلافی مسائل پر پرتشدد بحث کر کے ۔۔۔فرقہ وارنہ بحثوں کو پسند کرنے والے حضرات ان تینوں میں سے کسی کو اہل سنت و الجماعت سے باہر کرتے رہتے ہیں ۔ جس کی آخری حد یہ ہے کہ کافر گستاخ اور مشرک قرار دے دیا جاتا ہے ۔

کئی لوگ فرقہ واریت کا حل بس یہ سمجھتے ہیں کہ تمام لوگ ان کے مسلک پر آ جائیں تو فرقہ واریت ختم ہو جائے گی ۔ اور وہ یہ بھی سمجھتے ہیں کہ ہم تو صحیح راستہ پر ہیں ہم تو فرقہ واریت کرتے ہی نہیں ۔

یہ وہ سوچ ہے جو سنجیدہ طبقہ میں فرقہ واریت کی بنیاد ہے ۔

بریلوی اور دیوبندی اسلامی امہات کتب اور ۱۳۰۰ سال تک کی اسلامی شخصیات تک ۔۔۔اصول و فروع میں متحدد ہیں ۔ لیکن آج یہ عالم ہے کہ دیوبندی کے نزدیک بریلوی مشرک و بدعتی ہے ۔ اور بریلوی کے نزدیک دیوبندی کافر و گستاخ ہے ۔

دونوں مسالک میں سنجیدہ لوگ بھی ہیں ۔ اور پاکستان میں اتحاد مدارس کے تحت اوپر کی سطح پر بعض ملکی مسائل پر اکٹھے بیٹھ بھی جاتے ہیں ۔

اور انفرادی حیثیت سے بعض حضرات ایک دوسرے سے ملنے کی کوشش بھی کرتے ہیں ۔

لیکن مسلک میں موجود تشدد پسند لوگ ایسی کوشش کو پسند نہیں کرتے ۔ بلکہ وہ ایسی کوشش کرنے والا چاہے بڑا عالم ہی کیوں نہ ہو اس کو اپنے مسلک سے باہر کر کے تنقید شروع کر دیتے ہیں ۔

دل سے خواہش ہے کہ اتحاد کے لئے ، فرقہ واریت ختم کرنے کے لئے سنجیدہ کوششیں کی جائیں ۔

پچھلے دنوں علامہ سعید احمد اسد صاحب جو بریلوی مکتبہ فکر کے بڑے عالم ہیں وہ اتحاد کے لئے دیوبندی مکتبہ فکر کے
مفتی محمد رفیع عثمانی ۔ مولانا طارق جمیل ۔ اور مولانا الیاس گھمن صاحب سے ملے ۔

یہ دیکھ کر شوق ہوا کہ معلوم کیا جائے کہ کیا قصہ ہے ۔

ان میں سے مفتی محمد رفیع عثمانی صاحب سے ملاقات کی وڈیو غالبا نہیں ہے ۔ اور مولانا طارق جمیل سے ملاقات کی وڈیو ہے لیکن وہ موبائل سے بنی ہے اور صحیح ملاقات کا حال نہیں معلوم ہوتا ۔ البتہ مولانا الیاس گھمن نے کیمرہ لگا کر پوری ملاقات ریکارڈ پر لائی ہے ۔

جب دو اختلاف رکھنے والے حضرات کی آپس میں بحث کو حل کرنے کے لئے ملاقات ہو تواگر وہ خالص نیت سے ہیں تو ضرور دوسرے کی بات کو زیادہ سننے کی کوشش کرنی چاہیے ۔ اور کچھ اپنی انا اور رویہ کو قربان بھی کرنا پڑے تو کرنا چاہیے ۔

ان تین حضرات کو جو میں موجودہ بحث کے حوالہ سے جانتا ہوں وہ یہ ہے کہ ۔

مولانا طارق جمیل صاحب تو دعوت و تبلیغ سے منسلک ہیں اور وہ تو پہلے ہی سے نرم رویہ رکھتے ہیں ۔ کسی اختلافی مسئلہ کو ذکر کرنے کا سوال ہی نہیں ۔ درحقیقت وہ دیوبندی ہیں ہی نہیں ۔

مفتی محمد رفیع عثمانی ۔۔۔پاکستان کے دیوبندی مکتبہ فکر کے مفتی اعظم ہیں ۔ اور اتحاد کے اور فرقہ واریت کے خاتمے کے سنجیدہ حامی ہیں ۔ اور پاکستان کے مدارس میں سے دوسرے مسلک کے لئے نرم رویہ رکھنے والا ان کا ادارہ جامعہ دار العلوم کراچی سرفہرست ہے۔

اس کی مثالیں یہ ہیں کہ بریلوی مکتبہ فکر کے عظیم مدرسہ جامعہ نعیمیہ لاہور کے بڑے عالم مولانا سرفرازؒ کی شہادت پر ان کے صاحبزادے مولانا راغب نعیمی کو تعزیتی خط لکھا اور ان کے والد کی بہت تعریف کی ۔ اور یہ بھی لکھا کہ مولانا سرفراز نعیمیؒ بھی فرقہ وارانہ بحثوں سے دور رہتے تھے ۔

دوسری مثال یہ ہے کہ ان کا مدرسہ جامعہ دار العلوم کراچی پاکستان کے سب سے بڑے مدارس میں سے ایک ہے ۔ اور ان کے ادارے سے شائع ہونے والا ماہانامہ البلاغ ،کثیر الاشاعت مجلہ ہے ۔ اس ماہنامہ میں کتب پر تبصرہ بھی کیا جاتا ہے ۔

جامعہ دار العلوم کراچی کے مصالحانہ رویہ کو ہی دیکھتے ہوئے ، بریلوی مکتبہ فکر میں سے مولانا احمد رضا خانؒ کی کتاب
جد الممتار حاشيه رد المحتار ۔ تبصرہ کے لئے بھیجی گئی ۔ اس پر تعریفانہ تبصرہ کیا گیا ۔ ابھی مجلہ سامنے نہیں ۔ یاد نہیں کہ مولانا رفیع عثمانی کا ہی تھا۔ یا ۔۔۔جامعہ کے کسی دوسرے عالم کا ۔۔لیکن بہرحال وہ جامعہ کے نظریہ کا عکاس ہی تھا ۔

اس میں مولانا احمد رضا خان ؒصاحب کا عزت سے نام لیا گیا تھا ۔ اور یہ بھی کہا گیا تھا کہ ہمیں ان کی کئی باتوں سے اختلاف ہے لیکن بہر حال ان کی فقہ پر نظر تھی ۔

حتی کے وہ اپنے خطبات میں یہ بھی کہتے رہتے ہیں کہ اپنے کو دیوبندی بھی نہیں کہلانا چاہیے کہ اس سے فرقہ واریت کی بو آتی ہے ۔

اس لئے یقینا ان سے ملاقات بھی دوستانہ ہی رہی ہوگی کہ مفتی محمد رفیع صاحب نے بھی کسی مسئلہ کو چھیڑے بغیر یہ کہا ہوگا کہ بلکل آج کل اختلافات پر بات نہیں کرنی چاہیے ۔ واللہ اعلم


لیکن مسئلہ یہ ہے کہ جن حلقوں میں یہ بحثیں جاری ہیں ۔ انہی کی وجہ سے ہی تو فرقہ واریت ہے ۔ تو جن باتوں میں جھگڑا ہے ان کو ناں چھیڑا جائے ۔۔۔یہ ممکن نہیں ہے ۔

چناچہ مولانا الیاس گھمن جو مناظر ہیں اور اختلافی مسائل ہی سے متعلق زیادہ گفتگو کرتے ہیں ۔ وہ اصل دیوبندی ہوئے کہ جن سے موجودہ مسئلہ پر بات ہوتی ۔ چناچہ وہی ہوا ۔ انہوں نے ریکارڈ کا بھی بندوبست کیا اور نیٹ پر بھی ڈال دیا ۔

بہت شوق سے دیکھا ۔۔۔لیکن افسوس ہوا کہ بات نتیجہ پر نہیں پہنچی ۔

علامہ سعید احمد اسد نے کئی بار یہ فرمایا کہ وہ بڑے درد کے ساتھ حاضر ہوئے ہیں ۔ لیکن مولانا گھمن صاحب نے یہ کہا کہ جن باتوں سے اختلاف اور جھگڑا شروع ہوا ان پر بات کرنا ضروری ہے ۔ اسی پر پھر بیل منڈھے نہیں چڑھ سکی کہ
علامہ سعید صاحب جو بڑے درد سے حاضر ہونے کا کہہ رہے تھے ۔انہوں نے یہ ظاہر کیا کہ اکابر علماء دیوبند کی عبارات گستاخی والی ہیں اور ان پر اعتراض کفر صحیح ہے ۔ یعنی وہ اس بات کے ساتھ اتحاد کے لئے آئے تھے جو ظاہر ہے کہ کہاں ہونا تھا۔

بس یہ ہے کہ ان کی کوشش تھی کہ اس سے بیچ بچا ہو جائے ۔ لیکن مولانا الیاس صاحب نے کہا کہ اس بنیادی بات کے بغیر بات آگے کیسے بڑھ سکتی ہے ۔

ان دو حضرات کی بحث میں یہی چیز محسوس ہوئی کہ جیسے دونوں یہ دیکھ رہے ہوں کہ کون تھوڑا سا دفاعی ہوتا ہے ۔ اور یہ ڈر بھی ہو کہ میں دفاعی ہوا ۔۔اور اگلا اکڑا رہا۔۔تو میں تو ہار گیا ۔ اسی لئے دونوں ہی سخت رہے ۔ اور بات کسی نتیجہ پر نہ پہنچی ۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ جو لوگ اتحاد کے خواہش مند ہیں ۔

پہلے تو وہ یہ سمجھیں کہ جس سے وہ اتحاد کر رہا وہ بھی مسلمان ہے ۔

حسن ظن کا رویہ رکھیں ۔

اور جو اختلافی مسائل ہیں ۔ نہ تو ان پر پردہ ڈالا جاسکتا ہے ۔ بلکہ اپنا موقف ایسے انداز میں پیش کیا جائے کہ نہ اپنی سائیڈ کمزور ہو اور نہ دوسرے پر حرف آئے ۔

میں اپنا نظریہ پیش کرتا ہوں ۔

اس سے پہلے تمہیداََ حدیث مبارکہ پیش خدمت ہے جو کسی سے حسن ظن رکھنے کے لئے بہترین ہے ۔

دو دوستوں میں صلح کی خاطر جھوٹ بولنے کی بھی گنجائش ہے ۔صحاح کی حدیث ہے ۔

’’نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا وہ شخص جھوٹا نہیں ہوتا جو لوگوں کے درمیان صلح کرانے کے لئے کو ئی بات کہہ دیتا ہے۔‘‘

تو پھر اہل علم کی آپس کی عبارات کے درمیان اگر تاویل و حسن ظن کا رویہ اپنایا جائے تو امید ہے کہ بہتر ہی ہے ۔

اور

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ :

جنت کے اطراف میں ایک گھر کا ضامن ہوں جو حق پر ہونے کے باوجود جھگڑا چھوڑ دے۔ (ابو داؤد)

--------------------------------------------

یہ جو قبروں اور مزاروں پر ہوتا ہے یہ لوگ بریلوی نہیں ہیں ۔ چاہے اپنا انتساب کرتے ہوں ۔ ان پر کڑی تنقید بریلوی علماء کرتے رہتے ہیں ۔ یا پیشہ ور رنگیلے نعت خواں جیسی شرکیہ نعتیں پڑہتے ہیں ان پر بھی وہ تنقید کرتے ہیں ۔

اس وجہ سے علی الاطلاق بریلویوں کو مشرک قرار دینا یا یہ کہنا کہ وہ شرک کرتے ہیں ۔۔سراسر زیادتی ہے ۔

یا حاضر و ناظر ، علم غیب جیسے مسائل جن کو تعبیر کا فرق قرار دیا جاسکتا ہے ۔ اس کی ایک دلیل یہ ہے کہ عوام کے اندر ان اصطلاحات کا اور مفہوم ہے اور بریلوی علماء کے نزدیک اور ہے ۔

درحقیقت عوام میں جو ان اصطلاحات کا معنی رائج ہے اسی سے شرک کا مفہوم زیادہ نکلتا ہے ۔ اور عوام کا فہم کوئی حجت نہیں ہوتا ۔

اور بریلوی علماء کی جو تعبیر ہے تو حسن ظن سے ان کا حل کیا جاسکتا ہے ۔

بعض مناظرہ کی کتب جو علماء ہی کی ہوتی ہیں ۔ ان میں بھی کچھ تشدد سے اور رد عمل کے طور پہ ایسی تعبیرات ہوتی ہیں جو صحیح مفہوم نہیں دیتیں ۔ وہ بھی مسئلہ کو حل کرنے کے لئے مفید نہیں ۔ اور یہ دونوں مسلک کے علماء کی کتب میں ہے ۔

ابھی سنجیدہ حضرات کے لئے صرف اشارہ ہی دے رہا ہوں ۔ ورنہ اس کی مثالیں بھی پیش کی جاسکتی ہیں ۔ لیکن مثالیں دے کر توجہ پھر ان مسائل کی طرف ہی نہ ہوجائے ۔ اس لئے ابھی اجمالی بات ہی کافی ہے ۔

اور بدعت کے مسائل میں ایک تو علی الاطلاق کسی جماعت کو اہل بدعت یا بدعتی نہیں کہنا چاہیے ۔ اگر کوئی کہتا ہے تو اس کا مطلب ہے وہ فرقہ واریت کے خاتمے کا حامی نہیں ہے ۔خصوصاََ آج کل جب کہ ان مسائل کو بہت عرصہ بیت گیا۔

یہ مسائل اگر ہیں بھی تو گنتی کے چند ہیں ۔ اور یہ نہیں کہ دیوبندی ان کو مان لیں ۔ بلکہ ایسا نظریہ رکھیں کہ جیسے وہ اجتہادی خطا کرنے والے سے رکھتے ہیں ۔ اور بریلوی اپنے اجتہاد میں دیوبندی سے اسی مسئلہ میں ایسا ہی نظریہ رکھیں ۔

مثلاََ میلاد کا مسئلہ ہے ، دیوبندی حضرات کو چاہیے کہ اس بارے میں وہ بریلوی حضرات سے وہی معاملہ رکھیں جو ان علماء جو اس کے جواز کے قائل ہیں اور دیوبندی حضرات کے نزدیک بھی قابل احترام ہیں ۔جیسا رویہ رکھیں ۔ مثلاََ امام سیوطیؒ وغیرہ۔

یہ تو نفس میلاد کا ذکر ہے ۔ اور جو منکرات اور بدعات آج کل اس میں ہوتی ہیں ۔ ان پر تو بریلوی علماء بھی کڑی تنقید کرتے رہتے ہیں ۔

اور بریلوی بھائی بھی دیوبندی بھائیوں کے ساتھ وہ رویہ رکھیں جو کسی میلاد نہ منانے والے پرانے بزرگ یا عالم کے ساتھ رکھتے ہیں ۔ اور اس کو محبت ہونے یا ناں ہونے کا معیار نہ رکھیں ۔

اپنے لئے سب سے اچھی تعبیر و تعریف کا سب کو اختیار ہوتا ہے ۔ اور وہ اس کا مستحق بھی ہوگا ۔

لیکن حسن ظن کا تقاضا ہے کہ دوسرے کے بارے میں بھی بہترین تعبیر ہی اختیار کی جائے ۔


شرک اور بدعت کے علاوہ ایک مولانا احمد رضا ؒ صاحب کی شخصیت اور ان کی تصنیفات ہیں جو بحث کا موضوع بنتی ہیں ۔

اس کے لئے تو ایک مثال پاکستان میں دیوبند مکتبہ فکر کے سب سے بڑے اداروں میں سے ایک ادارے اور سب سے بڑی شخصیات میں سے ایک شخصیت کی تو مثال دے چکا ہوں کہ ان کا رویہ مولانا احمد رضاؒ صاحب کے ساتھ کیسا ہے ۔

اب رہ گئے مولانا گھمن صاحب اور مولانا سعید اسد جیسے حضرات کے لئے کوئی حل ہونا چاہیے ۔

اب یہ پکی بات ہے اور لکھ لینا چاہیے کہ کوئی اپنے آپ کو غلط کہہ کر آگے نہیں بڑھے گا ۔

دیوبندی یہ مان لیں کہ ان کے اکابر کی عبارات گستاخی والی ہیں ۔ یہ کبھی نہیں ہوسکتا ۔

اور نہ بریلوی یہ مان سکتے ہیں کہ مولانا احمد رضاؒ نے ایک پلان کے تحت عبارات اپنی مرضی سے جوڑیں ۔ چناچہ وہ غلط ہیں ۔

اب اس کے ساتھ ہی اس کا حل نکالنا چاہیے کہ کوئی بھی مطعون نہ ہو۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

پہلا خیال یہ کیا جاسکتا ہے کہ مولانا احمد رضا خان ؒ صاحب کے علاقے کے عوام میں شہرت ہو گئی ہو کہ دیوبند کے علماء نے گستاخیاں کی ہیں ۔ جب یہ بات ان کے علم میں آئی تواب انہوں نے ایک خیال قائم کر لیا ۔ اور چونکہ دیوبندی علماء کی طرف سے اس وقت میلاد و فاتحہ وغیرہ پر بدعت کے فتاوی دئے گئے تھے تو ایک طرح کی مخالفت تو تھی ہی تو پھر جب گستاخ عبارات کا سنا یا دیکھا تو اسی کا خیال قائم کر لیا۔

یا یہ بھی ممکن ہے کہ ان کو براہ راست علماء دیوبند کی تصانیف میسر نہیں آسکیں بلکہ کسی نے ان کو عبارات مہیا کیں ۔ جس نے پہلے ہی یہ کہہ کر ان کو مہیا کیں کہ ان میں گستاخی ہے یہ عبارات دیکھیں ۔

اس کی دلیل یہ ہے کہ وہ عبارات مکمل نہیں ہیں اور علماء دیوبند نے یہی اعتراض بھی کیا کہ عبارات کاٹ کر پیش کی گئی ہیں ۔

حتی کہ مولانا تھانویؒ نے اپنی عبارت جب مولانا احمد رضاؒ کی تحریر سے دیکھی یا سنی تو یہ کہا ہے کہ ایسی خبیث بات میں نے کہیں نہیں لکھی ۔ یعنی عبارت جب کٹ گئی تو ان کو خود وہ گستاخانہ لگی ۔

چناچہ یہ نظریہ قائم کیا جاسکتا ہے کہ مولانا احمد رضاؒ کو عبارات کسی کے واسطہ سے ملیں جو کہ مکمل نہیں تھیں اس پر انہوں نے سخت رویہ اپنا لیا ۔ اب وہ اس بارے میں معذور ہیں ۔

تاریخ اسلام میں اس کی کئی مثالیں موجود ہیں ۔

امام بخاریؒ اور امام ابوحنیفہؒ دونوں کی شخصیات بریلوی اور دیوبندی علماء کے نزدیک انتہائی قابل احترام ہیں ۔

لیکن یہ تاریخ کا افسوس ناک واقعہ ہے کہ امام بخاریؒ تک امام ابوحنیفہ ؒ کی معلومات صحیح نہیں پہنچ سکیں ۔ وہ ان کو گمراہ فرقہ مرجئہ سے سمجھتے رہے ۔ وہ معذور تھے کہ ان تک اطلاع ہی صحیح نہیں پہنچ سکی ۔ خود امام بخاری ؒ کے ہم عصر ابو زرعہؒ اور ابن ابی حاتمؒ اور امام ذہلیؒ تک امام بخاریؒ کے عقیدہ کی ایک بات صحیح نہیں پہنچ سکی تو وہ ان کے بارے میں شدید نظریہ کے حامل ہوگئے ۔ وہ بھی معذور ہیں ۔

ابن جارودؒ ایک محدث ہیں ان کی حدیث مبارکہ کی ایک کتاب بھی مشہور ہے اور چھپی ہوئی ہے ۔المنتقی ابن جارود ۔

ان تک تو امام ابو حنیفہؒ جیسے بڑے امام کی ایسی خبریں پہنچیں کے وہ فرماتے ہیں کہ ۔ان کے اسلام میں اختلاف کیا گیا ہے ۔

یعنی مسلمانوں کااتنا بڑا امام جس کی فروع میں تقلید کرنے والے اہل اسلام میں سب سے زیادہ لوگ رہے ہیں ۔ وہ معلوم نہیں کہ مسلم تھے یا نہیں ۔ اب ابن جارودؒ بھی معذور تھے ۔

یعنی کبھی کسی وجہ سے غلط اطلاع بھی پہنچ جاتی ہے ۔ اور اس غلط اطلاع کی بنیاد پر نظریہ قائم کرنے والا کوئی اہل علم کی صف سے نکل نہیں جاتا ۔ بس یہ ہے کہ وہ اس معاملے میں معذور ہے ۔

یہاں پر پڑھنے والوں کو دوبارہ اسلام کے حکم حسن ظن رکھنے کی طرف توجہ دلاؤں گا ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ممکن ہے مولانا احمد رضاخان ؒ صاحب سے زیادہ عقیدت رکھنے والوں کے لئے یہ بات بھی قابل قبول نہ ہو ۔ حالانکہ مثال میں نے امام بخاریؒ کی پیش کی ہے جو انتہائی بلند مقام والے ہیں ۔

لیکن پھر بھی ایک اور بھی توجیح کی جاسکتی ہے ۔ یہ فرض کر کے کہ ۔۔انہوں نے براہ راست ان کی کتابوں کو دیکھا اور پھر وہاں سے عبارات نقل کیں۔ اور پھر گستاخی اور کفر کا حکم لگایا ۔

یہ ہوسکتا ہے کہ کہ جیسا کہ پیچھے عرض کیا گیا کہ بعض معاملات کے بدعت اور غیر بدعت ہونے کے اختلاف کی وجہ سے کچھ مخالفانہ فضا تو موجود تھی ہی ۔ اس وجہ سے عوام میں یہ عبارات بھی زیر بحث آگئی ہوں ۔ اور ان کے خیال میں اس کا غلط مفہوم بھی نکل سکتا ہے جو گستاخانہ ہے چناچہ سارا اعتراض اس مفہوم کے قائل پر ہے ۔ یعنی حسام الحرمین کتاب یا دوسری کتب میں جو باتیں پیش کی گئی ہیں جو ان کے اس غلط مفہوم کا قائل ہے ۔ یہ سارا اعتراض اور فتوی اسی پر ہے ۔

اگر حسن ظن رکھیں تو آپ کو یہ دور کی تاویل نہیں لگے گی ۔

اور اس کی ایک اچھی مثال بھی ہے کہ مولانا احمد رضا خان ؒ نے مولانا اسماعیل شہید ؒ کی عبارت کو بھی گستاخانہ قرار دیا تھا ۔ اور سخت اعتراض کیا تھا۔ اور آخر میں دوسری کتاب میں پھر فرمایا تھا کہ ان کو کافر نہ کہیں کہ ان کی عبارت کا صحیح مفہوم بھی نکلتا ہے ۔

اس بات میں بظاہر صریح تناقض ہے کہ ایک عبارت گستاخی والی ہے اور اس کا صحیح مفہوم بھی نکلتا ہے ۔ چناچہ پھر دیوبند کی طرف سے جواب دینے والوں نے اس کا خوب ذکر کیا ۔

حالانکہ میں کہتا ہوں کہ یہ تناقض نہیں ہے بلکہ اسی سے علماء دیوبند کی عبارات کی بھی توجیہہ ہو سکتی ہے ۔

بریلوی مکتبہ فکر کے بڑے عالم پیر کرم شاہ الازہریؒ نے بھی ایک جگہہ کچھ ایسا ہی کہا کہ جہاں مولانا قاسم نانوتویؒ کی عبارات زیر بحث تھیں ، کہا کہ مولانا قاسم ؒ کی عبارات سے چونکہ منکرین ختم نبوت ۔۔۔غلط مفہوم کشید کر رہے تھے اس لئے مولانا احمد رضا صاحب ؒ نے ان پر اعتراض کیا ۔

یہاں پر بعض نئے دوست یا پرانے بھی اگر یہ سوچیں کہ ان باتوں کے لئے شروع سے ایک ایک چیز دیکھتے ہیں تو ان کے سامنے ہاتھ جوڑ کی عرض ہے کہ بس میرے بھائی اب ۱۰۰ سال ہوچکے اب کچھ حسن ظن بھی رکھ لیں ۔ اور حدیث مبارکہ کے مطابق خود کو حق پرسمجھتے ہونے کے باوجود جھگڑا چھوڑ دیں ۔

اور یہ جھگڑا چھوڑنا یہ بھی نہیں کہ اس بارے میں خاموش رہیں ۔ اور دل میں مخالف کے بارے میں سخت رویہ ہی رکھیں ۔

بلکہ جھگڑا ختم ہونا تو یہ ہے کہ دل سے بھی ختم کریں اور حسن ظن رکھ کر کسی مثبت اچھے نتیجہ پر پہنچ کر اس پر قائم ہو جائیں۔

یہاں اس توجیہہ میں دیوبندی بھائیوں کولگے کہ ان کو کچھ دفاعی دکھایا گیا ہے ۔ اول تو ایسا نہیں ہے ۔ اگر ہے بھی تو اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ اس اختلاف کو ختم کرنے کے لئے زیادہ دلچسپی بھی رکھتے ہیں اور کوشش بھی کرتے ہیں ۔

یعنی مولانا احمد رضا خانؒ نے کسی کے ان عبارات کے غلط مفہوم اخذ کرنے اور اس کا قائل ہونے والے پر فتوی لگایا ہے ۔

اس کی مثال مولانا اسماعیل شہیدؒ کی عبارت کی ہے ۔ کہ کافی عرصہ مولانا احمد رضاؒ اس کو گستاخانہ اس لئے کہتے رہے کہ عوام میں اس کا غلط مفہوم کا اندیشہ تھا۔اور اس کا اخذ کیا گیا غلط مفہوم گستاخانہ ہی ہے ۔

اسی طرح غلط مفہوم کے قائل علماء دیوبند نہیں ہیں ۔ جیسا کہ مولانا تھانویؒ نے کہا کہ یہ خبیث مفہوم میری کسی کتاب میں نہیں ۔ اور علمائے دیوبند نے اپنی عبارات کی خود ہی وضاحت بھی کی ہے ۔ اور ہر قول کی وضاحت اس قول کے کہنے والے ہی کا اصل حق ہے اور اس کی تشریح کو ماننا چاہیے ۔

صحاح کی حدیث کی طرف دوبارہ توجہ فرمائیں ۔

’’نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا وہ شخص جھوٹا نہیں ہوتا جو لوگوں کے درمیان صلح کرانے کے لئے کو ئی بات کہہ دیتا ہے۔‘‘

یعنی جھوٹ بول کر بھی صلح کی گنجائش ہے تو یہاں پر تو حسن ظن کا کہا جا رہا ہے ، جو کہ بہت نیکی کی چیز ہے ۔

اور اگر یہ بات دیوبندی بھائیوں کو بھاری لگے کہ چلیں عبارات گستاخانہ نہیں کہیں گئیں لیکن ان کے مفہوم کے غلط نکلنے کا تو کہا گیا ہے ۔

جیسے قادیانی نے مولانا قاسم کی عبارت سے لیا ۔ تو اس کا جواب تو آسان ہے کہ قادیانی تو پھر قرآن و سنت کے بھی غلط مفہوم لے لیتے ہیں ۔

اس کے علاوہ بھی کوئی بہترین توجیہہ اور حسن ظن اگر پیش کیا جاسکتا ہے تو ضرور پیش کریں جس سے
نہ تو مولانا احمد رضاخان ؒ پر کوئی حرف آئے اور نہ ہی علمائے دیوبندؒ پر ۔

یہاں پر کسی کی بھی عبارات کو ہرگز ڈسکس نہ کیا جائے ۔ یہاں پر صرف مثبت بات کی جائے ۔

اللہ تعالیٰ سب کے دلوں میں محبت پیدا فرمائے ۔ ہدایت کے راستہ پر چلائے ۔ اس پر استقامت عطا فرمائے ۔ آمین
 

ابن عثمان

وفقہ اللہ
رکن
اس وجہ سے عوام میں یہ عبارات بھی زیر بحث آگئی ہوں ۔ اور ان کے خیال میں اس کا غلط مفہوم بھی نکل سکتا ہے جو گستاخانہ ہے چناچہ سارا اعتراض اس مفہوم کے قائل پر ہے ۔ یعنی حسام الحرمین کتاب یا دوسری کتب میں جو باتیں پیش کی گئی ہیں جو ان کے اس غلط مفہوم کا قائل ہے ۔ یہ سارا اعتراض اور فتوی اسی پر ہے ۔
اسی طرح غلط مفہوم کے قائل علماء دیوبند نہیں ہیں ۔ جیسا کہ مولانا تھانویؒ نے کہا کہ یہ خبیث مفہوم میری کسی کتاب میں نہیں ۔
عوام میں غلط مفہوم زیر بحث آگیا ۔۔یا آنے کا اندیشہ تھا۔یا قصداََ غلط مفہوم شر کی نیت سے نکالنے والے بھی ہوسکتے تھے ۔
اس بات کی ایک زبردست تائیدذکر کرنا رہ گیا کہ مولانا تھانویؒ نے اسی وجہ سے ہی اپنی عبارت میں تبدیلی فرمائی۔ اور یہی وجہ فرمائی ۔
 

زنیرہ عقیل

منتظم اعلی۔ أیدہ اللہ
Staff member
منتظم اعلی
السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ

کسی مسلمان کے بارے میں اچھا گمان رکھنا " حسن ظن" کہلاتا ہے۔محترم جن چیزوں پر ایمان لانا ضروری ہے ان میں سے کسی ایک بات کو بھی نہ ماننا یا انکار کرنا کفر ہے،مثلاً: کوئی شخص خداتعالیٰ کو نہ مانے یا خدا تعالیٰ کی صفات کا انکار کرے یا دو تین خدا مانے یا فرشتوں کا انکار کرے یا خداتعالیٰ کی کتابوں میں سے کسی کتاب کا انکار کرے یا کسی پیغمبر کو نہ مانے یا تقدیر سے منکر ہو یا قیامت کے دن کو نہ مانے یا خداتعالیٰ کے قطعی احکام میں سے کسی حکم کا انکار کرے یا رسولُ اللہ ﷺکی دی ہوئی کسی خبر کو جھوٹا سمجھے تو ان تمام صورتوں میں کافر ہوجائے گا ۔اور خداتعالیٰ کی ذات یا صفات میں کسی دوسرے کو شریک کرے تو یہ شرک کہلاتا ہے اور بدعت اُن چیزوں کو کہتے ہیں جن کی اصل شریعت سے ثابت نہ ہو، یعنی قرآنِ مجید اور حدیث شریف میں اُس کا ثبوت نہ ملے اور رسولُ اللہ ﷺ اور صحابۂ کرام اور تابعین اور تبعِ تابعین کے زمانہ میں اس کی ضرورت یا امکان کے باجوداسے نہ کیا جائے، اور بعد کے زمانے میں اور اُسے دین کا کام سمجھ کر کیا یا چھوڑا جائے۔

درج بالا عبارت کی روشنی میں حسن ظن کا معالمہ کس طرح برتا جائے؟ کیا کافر کو کافر نہ کہا جائے اور ان کے جھوٹے دلائل پر خاموشی اختیار کی جائے؟ کیا مشرک کو مشرک نہ کہا جائے چاہے وہ اللہ کے ساتھ شریک پیدا کر کے مومن ہونے کا ڈھنڈورا پیٹتا رہے؟ اور جو کام رسولُ اللہ ﷺ اور صحابۂ کرام اور تابعین اور تبعِ تابعین کے زمانہ میں بھی نہ ہوا ہو اور اب ہو رہا ہو تو ان کی ہاں میں ہاں ملا کر آگے آنے والی نسل جو پہلے ہی ڈیجیٹل حملہ آوروں کے ذریعے گمراہ ہو رہے ہیں ان کو اسی طرح یہ شرک و بدعت اپنانے دیا جائے؟

آپ کی کوٹ شدہ حدیث ’’نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا وہ شخص جھوٹا نہیں ہوتا جو لوگوں کے درمیان صلح کرانے کے لئے کو ئی بات کہہ دیتا ہے۔‘‘ یعنی جھوٹ بول کر بھی صلح کی گنجائش ہے تو یہاں پر تو حسن ظن کا کہا جا رہا ہے ، جو کہ بہت نیکی کی چیز ہے ۔ " کا مطلب یہ لیا جائے کہ یہ فریقین کے بارے میں کہا گیا ہے؟جبکہ یہ اس تیسرے فرد کے بارے میں ہے جو دو فریقین کے درمیان صلح کروانا چاہ رہا ہے؟

نیز مجھے یہ بھی جاننا ہے کہ مسلمہ کذاب جیسے معاملات میں حسن ظن کا کیا رول ہے؟ اور جنگ جمل میں حسن ظن کا کیا رول ہو سکتا تھا؟

اور جہاد کی ضرورت کہاں پڑتی ہے جو بہت بڑا فریضہ ہے؟

 

ناصر محمود

وفقہ اللہ
رکن
جب احمد رضا خان نے باقاعدہ منصوبہ بندی کر کے دیوبند کے بڑے علماء کی عبارات میں قطع و برید کر کے ان پر کفر کا فتوی لگا دیا تو کیا اب بریلوی اس کے فتوے کو غلط کہہ سکتے ہیں؟ ہر گز نہیں۔
کیا دیوبندی اپنے علماء کی عبارات جو کہ قطعی طور پر کفریہ نہیں ہیں کو کفریہ مان کر اپنے بزرگوں کو کافر مان لیں گے؟؟ ہر گز نہیں۔
تو پھر اتحاد کیسے ہو سکتا ہے؟
پھر اتحاد کی بات الیاس گھمن سے۔۔۔ جو شخص اپنے ہی مسلک کی ایک دوسری جماعت کو مسلمان نہیں سمجھتا وہ دوسرے مسالک سے کیا اتحاد کرے گا؟
 

زنیرہ عقیل

منتظم اعلی۔ أیدہ اللہ
Staff member
منتظم اعلی

سوال​



کافر کو کافر نہیں کہنا چاہیے۔ احادیث کی روشنی میں جواب درکار ہے!



جواب​



اگر قطعی دلیل سے یا کسی شخص کے اپنے اقرار سے اس کا کافر ہونا ثابت ہو جائے تو اس کو کافر کہنا درست ہے، بلکہ ایسے شخص کو مسلمان کہنا ناجائز ہے۔ کافر کو تو کافر ہی کہا جائے گا اور اس بات پر حدیث طلب کرنا کہ کا کافر کو کافر نہ کہیں ،بے عقلی کی بات ہے۔ قرآنِ کریم میں ہے:

{قُلْ یٰاَیُّهَا الکٰفِرُوْنَ } [الکافرون:1]

ترجمہ: آپ کہہ دیجیے اے کافرو!

ہاں حدیثِ مبارک میں کسی مسلمان کو کافر کہنے کی وعید ہے۔ چناں چہ مشکاۃ شریف میں ہے:

’’ حضرت ابنِ عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس شخص نے اپنے مسلمان بھائی کو کافر کہا تو ان دونوں میں سے ایک پر کفر لوٹ گیا‘‘. یعنی یا تو کہنے والا خود کافر ہوگیا یا وہ شخص جس کو اس نے کافر کہا ہے۔ (بخاری ومسلم)

دوسری روایت میں ہے:

’’حضرت ابوذر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: جس شخص نے جانتے بوجھتے کسی دوسرے کو باپ بنایا تو یہ بھی کفر کی بات ہے اور جس شخص نے ایسی بات کو اپنی طرف منسوب کیا جو اس میں نہیں ہے تو ایسا شخص ہم میں سے نہیں ہے اور اس کو اپنا ٹھکانہ جہنم میں بنانا چاہیے اور جس نے کسی کو کافر کہا یا اللہ کا دشمن کہہ کر پکارا حال آں کہ وہ ایسا نہیں ہے تو یہ کلمہ اسی پر لوٹ آئے گا‘‘۔ (صحیح مسلم:جلد اول:حدیث نمبر 219 )

لہٰذا اگر کوئی خود کفر کا اعتراف نہ کرے یا اس کے کفر پر کوئی قطعی دلیل نہ ہو یا اس کے قول و فعل میں شرعاً تاویل کا احتمال ہو تو کسی کو محض گمان یا اس کے کسی مبہم جملے کی بنا پر کافر کہنا جائز نہیں ہوگا۔

’’وفي القنیة: قال: یهودي أو مجوسي یا کافر، یأثم إن شق علیه، ومقتضاه أن یعزر لارتکابه الإثم، الدرر‘‘.

وفي الرد․․․: ’’إلا أن یفرق بأن الیهودي مثلاً لایعتقد في نفسه أنه کافر‘‘. (الدر مع الرد: ۱۲۸/۶)فقط واللہ اعلم




فتوی نمبر : 144008201620
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن
 

ابن عثمان

وفقہ اللہ
رکن
وَدُّوا لَوْ تُدْهِنُ فَيُدْهِنُونَ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اس آیت پر غور کریں
محترم بھائی ۔ آپ مشرکین مکہ والی آیت پر غور کرنے کا کہہ رہے ہیں ۔ جو یہ کہتے تھے کہ ایک سال ہمارے بُتوں کی عبادت کریں اور ایک سال ہم آپ کے اللہ کی عبادت کریں گے۔ جو شروع سے ہی مسلمان ہی نہیں۔
اگر آپ اتنا سخت نظریہ رکھتے ہیں تو کیا آپ کے ساتھ آپ کے اکابرین میں سے بھی کوئی ہے ؟
 

ابن عثمان

وفقہ اللہ
رکن
السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ

کسی مسلمان کے بارے میں اچھا گمان رکھنا " حسن ظن" کہلاتا ہے۔محترم جن چیزوں پر ایمان لانا ضروری ہے ان میں سے کسی ایک بات کو بھی نہ ماننا یا انکار کرنا کفر ہے،مثلاً: کوئی شخص خداتعالیٰ کو نہ مانے یا خدا تعالیٰ کی صفات کا انکار کرے یا دو تین خدا مانے یا فرشتوں کا انکار کرے یا خداتعالیٰ کی کتابوں میں سے کسی کتاب کا انکار کرے یا کسی پیغمبر کو نہ مانے یا تقدیر سے منکر ہو یا قیامت کے دن کو نہ مانے یا خداتعالیٰ کے قطعی احکام میں سے کسی حکم کا انکار کرے یا رسولُ اللہ ﷺکی دی ہوئی کسی خبر کو جھوٹا سمجھے تو ان تمام صورتوں میں کافر ہوجائے گا ۔اور خداتعالیٰ کی ذات یا صفات میں کسی دوسرے کو شریک کرے تو یہ شرک کہلاتا ہے اور بدعت اُن چیزوں کو کہتے ہیں جن کی اصل شریعت سے ثابت نہ ہو، یعنی قرآنِ مجید اور حدیث شریف میں اُس کا ثبوت نہ ملے اور رسولُ اللہ ﷺ اور صحابۂ کرام اور تابعین اور تبعِ تابعین کے زمانہ میں اس کی ضرورت یا امکان کے باجوداسے نہ کیا جائے، اور بعد کے زمانے میں اور اُسے دین کا کام سمجھ کر کیا یا چھوڑا جائے۔

درج بالا عبارت کی روشنی میں حسن ظن کا معالمہ کس طرح برتا جائے؟ کیا کافر کو کافر نہ کہا جائے اور ان کے جھوٹے دلائل پر خاموشی اختیار کی جائے؟ کیا مشرک کو مشرک نہ کہا جائے چاہے وہ اللہ کے ساتھ شریک پیدا کر کے مومن ہونے کا ڈھنڈورا پیٹتا رہے؟ اور جو کام رسولُ اللہ ﷺ اور صحابۂ کرام اور تابعین اور تبعِ تابعین کے زمانہ میں بھی نہ ہوا ہو اور اب ہو رہا ہو تو ان کی ہاں میں ہاں ملا کر آگے آنے والی نسل جو پہلے ہی ڈیجیٹل حملہ آوروں کے ذریعے گمراہ ہو رہے ہیں ان کو اسی طرح یہ شرک و بدعت اپنانے دیا جائے؟

آپ کی کوٹ شدہ حدیث ’’نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا وہ شخص جھوٹا نہیں ہوتا جو لوگوں کے درمیان صلح کرانے کے لئے کو ئی بات کہہ دیتا ہے۔‘‘ یعنی جھوٹ بول کر بھی صلح کی گنجائش ہے تو یہاں پر تو حسن ظن کا کہا جا رہا ہے ، جو کہ بہت نیکی کی چیز ہے ۔ " کا مطلب یہ لیا جائے کہ یہ فریقین کے بارے میں کہا گیا ہے؟جبکہ یہ اس تیسرے فرد کے بارے میں ہے جو دو فریقین کے درمیان صلح کروانا چاہ رہا ہے؟

نیز مجھے یہ بھی جاننا ہے کہ مسلمہ کذاب جیسے معاملات میں حسن ظن کا کیا رول ہے؟ اور جنگ جمل میں حسن ظن کا کیا رول ہو سکتا تھا؟

اور جہاد کی ضرورت کہاں پڑتی ہے جو بہت بڑا فریضہ ہے؟

حسن ظن کا معاملہ مسلمانوں سے ہے ۔۔کھلے کفار مرتدین سے نہیں ہے ۔
اور جنگ جمل اور مشاجرات میں ہی تو حُسن ظن کی سب سے زیادہ ضرورت ہوتی ہے اور اُمت نے کیا بھی ۔ یعنی مسلمانوں کے آپس میں اختلاف میں حُسن ظن۔
جیسے اوپر ایک مثال بھی دی گئی کہ امام بخاریؒ اور امام ابوحنیفہؒ کے بارے میں ۔

کیا کافر کو کافر نہ کہا جائے؟

کافرتو کافر ہےہی۔ لیکن مسلمان کو اسلام سے بہت جلدی خارج نہ کیا جائے ۔ فقہاء نے ((۹۹ وجوہ کفر کے مقابلے میں ایک وجہ اسلام کو ترجیح))کا ضابطہ کو ئی قادیانیوں کے لئے نہیں دیا کہ جو صراحتاََ ضروریات دین ختم نبوت کے منکر ہیں ۔اوروسیع النظر عالم مفتی سعید احمد پالنپوریؒ کے مطابق تو مصلحت اور حکمت کے تحت تو چونکہ کافر بھی لفظ کافر کو بُرا مناتے ہیں اس لئے اُن کو بھی نان مسلم کہا جائے ۔
(کوئی شخص خداتعالیٰ کو نہ مانے یا خدا تعالیٰ کی صفات کا انکار کرے یا دو تین خدا مانے یا فرشتوں کا انکار کرے یا خداتعالیٰ کی کتابوں میں سے کسی کتاب کا انکار کرے یا کسی پیغمبر کو نہ مانے یا تقدیر سے منکر ہو یا قیامت کے دن کو نہ مانے یا خداتعالیٰ کے قطعی احکام میں سے کسی حکم کا انکار کرے یا رسولُ اللہ ﷺکی دی ہوئی کسی خبر کو جھوٹا سمجھے تو ان تمام صورتوں میں کافر ہوجائے گا)
ان باتوں کی یہاں ضرورت نہ تھی ۔ ان باتوں پر تمام مسالک کا اتفاق ہے ۔
اور آپ کے ارد گرد کوئی فلاں کام کرتا ہے تو اس کا انفرادی حکم ہے اُس کو کسی مسلک سے منسوب نہ کیا جائے۔
شرک کی قسمیں ہوتی ہیں ۔ اورہر قسم سے آدمی مشرک بمعنی اسلام سے خارج نہیں ہوجاتا ۔ اور کئی کاموں پر کفر کا اطلاق ضرور ہے لیکن اس کے کرنے سے کافر ہوجانا مراد نہیں ہوتا۔من صلی یرائ فقد اشرک ، سباب مسلم فسوق و قتالہ کفر، مثلاََ کوئی دربار پر سجدہ کرتا ہے تو یہ مشرک نہیں ہوگیا بلکہ جہلا تعظیم کے لئے کرتے ہیں تو وہ جاہل اور کبیرہ گناہ کا مرتکب ہوا۔ جس گناہ کا جو درجہ ہے وہی دیا جائے گا ۔کوئی بدعت کا مرتکب ہے تو ضرور اسے منہ پر کہہ کر یا اس کا نام ہی بدعتی رکھ کر ہی ہمیں تسلی ہوگی۔ لیکن کرنے والے کو کسی مسلک سے منسوب نہ کیا جائے اور اس سے حکمت ، اچھی نصیحت اور احسن طریقے سے سمجھایا جائے گا۔
 
Last edited:

ابن عثمان

وفقہ اللہ
رکن
جب احمد رضا خان نے باقاعدہ منصوبہ بندی کر کے دیوبند کے بڑے علماء کی عبارات میں قطع و برید کر کے ان پر کفر کا فتوی لگا دیا تو کیا اب بریلوی اس کے فتوے کو غلط کہہ سکتے ہیں؟ ہر گز نہیں۔
کیا دیوبندی اپنے علماء کی عبارات جو کہ قطعی طور پر کفریہ نہیں ہیں کو کفریہ مان کر اپنے بزرگوں کو کافر مان لیں گے؟؟ ہر گز نہیں۔
تو پھر اتحاد کیسے ہو سکتا ہے؟
پھر اتحاد کی بات الیاس گھمن سے۔۔۔ جو شخص اپنے ہی مسلک کی ایک دوسری جماعت کو مسلمان نہیں سمجھتا وہ دوسرے مسالک سے کیا اتحاد کرے گا؟
محترم بھائی ۔پہلی بات۔کا جواب دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ یہ نہیں ہوسکتا تو کیا ہوسکتا ہے ۔
دوسری بات۔صحیح ہے کہ یہ نہیں ہوسکتا لیکن جو ہوسکتا ہے وہ کچھ حُسن ظن سے بتا نے کی کوشش کی گئی ہے ۔
الیاس گھمن صاحب کو میں نے اتحاد کے لئے تجویز نہیں کیا ۔یہ تو مولانا سعید اسد صاحب بریلوی نے اُن سے ملاقات کی تھی کیونکہ مولانا الیاس گھمن صاحب نے اپنے ذمے لیا ہوا ہے اپنے مسلک پر اعتراضات کے جوابات۔
 

زنیرہ عقیل

منتظم اعلی۔ أیدہ اللہ
Staff member
منتظم اعلی
(کوئی شخص خداتعالیٰ کو نہ مانے یا خدا تعالیٰ کی صفات کا انکار کرے یا دو تین خدا مانے یا فرشتوں کا انکار کرے یا خداتعالیٰ کی کتابوں میں سے کسی کتاب کا انکار کرے یا کسی پیغمبر کو نہ مانے یا تقدیر سے منکر ہو یا قیامت کے دن کو نہ مانے یا خداتعالیٰ کے قطعی احکام میں سے کسی حکم کا انکار کرے یا رسولُ اللہ ﷺکی دی ہوئی کسی خبر کو جھوٹا سمجھے تو ان تمام صورتوں میں کافر ہوجائے گا)
ان باتوں کی یہاں ضرورت نہ تھی ۔ ان باتوں پر تمام مسالک کا اتفاق ہے ۔
اور آپ کے ارد گرد کوئی فلاں کام کرتا ہے تو اس کا انفرادی حکم ہے اُس کو کسی مسلک سے منسوب نہ کیا جائے۔
شرک کی قسمیں ہوتی ہیں ۔ اورہر قسم سے آدمی مشرک بمعنی اسلام سے خارج نہیں ہوجاتا ۔ اور کئی کاموں پر کفر کا اطلاق ضرور ہے لیکن اس کے کرنے سے کافر ہوجانا مراد نہیں ہوتا۔من صلی یرائ فقد اشرک ، سباب مسلم فسوق و قتالہ کفر، مثلاََ کوئی دربار پر سجدہ کرتا ہے تو یہ مشرک نہیں ہوگیا بلکہ جہلا تعظیم کے لئے کرتے ہیں تو وہ جاہل اور کبیرہ گناہ کا مرتکب ہوا۔ جس گناہ کا جو درجہ ہے وہی دیا جائے گا ۔کوئی بدعت کا مرتکب ہے تو ضرور اسے منہ پر کہہ کر یا اس کا نام ہی بدعتی رکھ کر ہی ہمیں تسلی ہوگی۔ لیکن کرنے والے کو کسی مسلک سے منسوب نہ کیا جائے اور اس سے حکمت ، اچھی نصیحت اور احسن طریقے سے سمجھایا جائے گا۔
یعنی جو شخص خداتعالیٰ کی ذات یا صفات میں کسی دوسرے کو شریک کرے اسے مشرک نہ کہیں ۔حالانکہ ہم جانتے ہیں کہ خدا کی صفات کی طرح کسی دوسرے کے لیے کوئی صفت ثابت کرنا شرک ہے
کیوں کہ کسی مخلوق میں خواہ وہ فرشتہ ہو یا نبی ، ولی ہو یا شہید ، پیر ہو یا امام، خداتعالیٰ کی صفتوں کی طرح کوئی صفت نہیں ہوسکتی ۔

شرک فی القدرت:
یعنی خداتعالیٰ کی طرح صفتِ قدرت کسی دوسرے کے لیے ثابت کرنا ،مثلاً: یہ سمجھنا کہ فلاں پیغمبر یا ولی یا شہید وغیرہ پانی برسا سکتے ہیں یا بیٹا بیٹی دے سکتے ہیں یا مرادیں پوری کرسکتے ہیں یا روزی دے سکتے ہیں یامارنا جِلانا اُن کے قبضے میں ہے یا کسی کو نفع اور نقصان پہنچا نے پر قدرت رکھتے ہیں ؛ یہ تمام باتیں شرک ہیں ۔
اور جو ان صفات کو کسی اور سے منسوب کرے تو کیا اسے مشرک نہ کہا جائے؟

شرک فی العلم:
یعنی خداتعالیٰ کی طرح کسی دوسرے کے لیے صفتِ علم ثابت کرنا، مثلاً یوں سمجھنا کہ خداتعالیٰ کی طرح فلاں پیغمبر یا ولی وغیرہ غیب کا علم رکھتے تھے یا خدا کی طرح ذرّہ ذرّہ کا انہیں علم ہے یا دور و نزدیک کی تمام چیزوں کی خبر رکھتے ہیں یہ سب شرک فی العلم ہے ۔
تو کیا ایسے مشرک کو بھی مشرک نہ کہا جائے؟

شرک فی السمع والبصر:
یعنی خداتعالیٰ کی صفت ِ سمع یا بصر میں کسی دوسرے کو شریک کرنا، مثلاً: یہ اعتقاد رکھنا کہ فلاں پیغمبر یا ولی ہماری تمام باتوں کو دورونزدیک سے از خود سن لیتے ہیں یا ہمیں اور ہمارے کاموں کو ہر جگہ سے دیکھ لیتے ہیں؛ سب شرک ہے ۔
ایسے شخص کو بھی مشرک نہ کہا جائے ؟

شرک فی الحکمُ:
یعنی خداتعالیٰ کی طرح کسی اور کو حاکم سمجھنا اور اس کے حکم کو خداکے حکم کی طرح ماننا، یہ بھی شرک ہے ۔
اس بارے میں کیا کہتے ہیں؟

شرک فی العبادت :
یعنی خداتعالیٰ کی طرح کسی دوسرے کو عبادت کا مستحق سمجھنا ، مثلاً: کسی قبریا پیر کو سجدہ کرنا یا کسی کےلیے رکوع کرنا، یا کسی پیر، پیغمبر ، ولی ، امام کے نام کا روزہ رکھنا یا کسی کی نذراور منت ماننی یاکسی قبر یا مرشد کے گھر کا خانہ کعبہ کی طرح طواف کرنا ؛یہ سب شرک فی العبادۃ ہے ۔
کیا ایسے لوگوں کو بھی مشرک نہ کہا جائے؟

کچھ اور بھی شرکیہ کام ہیں جیسے نجومیوں سے غیب کی خبریں پوچھنا ، پنڈت کو ہاتھ دکھلانا ، کسی سے فالکھلوانا، چیچک یا کسی اور بیماری کی چھوت کرنااور یہ سمجھنا کہ ایک کی بیماری دوسرے کو لگ جاتی ہے ۔ تعزیہ بنانا ، علم اٹھانا ، قبروں پر چڑھاوا چڑھانا ، نذر نیاز گزراننا، خداتعالیٰ کے سوا کسی کے نام کی قسم کھانا،تصویریں بنانا یا تصویروں کی تعظیم کرنا ، کسی پیر یا ولی کو حاجت روا ،مشکل کشا کہہ کر پکارنا ، کسی پیر کے نام کی سر پر چوٹی رکھنا یا محرم میں اماموں کے نام کا فقیر بننا ، قبروں پر میلہ لگانا وغیرہ ۔۔۔ کیا ایسے کمزور اعتقاد والے لوگوں کے ساتھ حسن ظن کا معاملہ روا رکھا جا سکتا ہے ؟

میری اپنی رائے یہ ہے کہ جو مشرک ہے تو وہ مشرک ہے اسے مشرک کہنے یا نا کہنے سے فرق نہیں پڑتا ۔ اور جو شخص اپنے شرک کو درست ثابت کرنے کے لیے آپ سے بحث کرے یا مناظرہ کرے تو ایسے شخص سے بحث یا مناظرہ کو قبول ہی نا کیا جائے یہی حسن ظن ہے کیوں کہ اگر ہماری کوئی گردن کاٹ دے تب بھی شرک کو جائز نہیں مان سکتے۔ اللہ ایک ہے اور اللہ کی صفات مخصوص ہیں اور جو کوئی اس بات پر مناظرے کرے تو غلط ہے کیوں کہ مناظرہ یہ ہوتا ہے کہ مجھے غلط ثابت کرو یا تجھے غلط ثابت کرتا ہوں ۔ تو جس بات کی بنیاد ہی غلط ہے تو اس پر مناظرہ کیوں؟ ۔۔۔۔۔۔۔حسن ظن یہی ہے کہ مباحثوں سے دور رہا جائے۔
 

ابن عثمان

وفقہ اللہ
رکن
شرک اور کفر کے معاملات بہت حساس ہوتے ہیں اس میں میری کوئی رائے نہیں ہے یہ علماء کا کام ہے ۔
آپ نے جو باتیں لکھی ہیں ۔ یہ ایک پوری کتاب کا موضوع ہیں ۔
زیر بحث عنوان کے تحت بس اتنی بات آپ سے بھی پوچھنی ہے کہ کیا آپ کے علم میں ہے کہ اکابر علماء دیوبند کے بریلوی علماء اور عوام کے بارے میں کیا رائے ہے ؟کافر یا مشرک ہونے کے تعلق سے ؟
 

زنیرہ عقیل

منتظم اعلی۔ أیدہ اللہ
Staff member
منتظم اعلی
دیکھیں جس طرح رب کریم نے شریعت کے ذریعے اپنے احکام جاری کیے اور پھر اپنے بندوں کو اختیار دے دیا کہ یہ راستہ اختیار کروگے تو کامیابی اور جنت کے انعامات اور اگر دوسرا راستہ اختیار کروگے تو ناکامی اور جہنم ہے۔ اب جو بھی راستہ اپنائے اختیار بندے کے پاس ہے اپنے لیے جنت پسند کرتا ہے یا جہنم۔ بس اسی طرح متذکرہ موضوع پر بھی ہمارے علماۓ کرام اور اکابرین نے بھی صاف صاف اپنی رائے دے دی ہے کہ یہ شرک ہے اور یہ کفر ہے اس سے بچنا چاہیے۔ اختیار آپ کے پاس ہے کہ شرک و کفر کا راستہ اختیار کرو یا شریعت محمدی کے ماتحت رہو۔ بریلوی کیا چیز ہے میں نہیں جانتی قادیانی کیا چیز ہے میں نہیں جانتی ۔ جو وہ کر رہے ہیں میں نہیں جانتی ۔ ہاں البتہ وہ شخص جو شرک و کفر کے کام کر رہا ہے وہ جانتا ہے کہ وہ کیا کر رہا ہے۔ علماء و اکابرین نے آپ کے سامنے حقیت واضح کر کے رکھ دی ہے ۔
سورہ انعام میں اللہ رب کریم نے جو نصیحتیں کی ہیں کیا وہ کافی نہیں ہیں ہمارے لئے کہ ہر چیز ہم پر کھول کے رکھ دی ہے؟ حسن ظن یہ ہے کہ جو کفر اور شرک کر رہا ہے وہ کافر ہے یہ فیصلہ ہم اور آپ نہیں شریعت محمدی کر چکا ہے ہمیں کسی کو کافر کافر پکارنے کی ضرورت نہیں۔ اللہ کے ساتھ کسی کو شریک کرنا معمولی بات نہیں بڑی بے شرمی کی بات ہے اور پھر ایک شخص شرک بھی کرے اور اپنے شرک کا دفاع بھی کرے۔

دیوبندی اور بریلوی عقائد میں فرق کیا ہے؟ شرک کا موضوع ہی اصل فرق ہے کہ جسے ہم شرک کہتے ہیں وہ اس کا دفاع کرتے ہیں۔
 

ابن عثمان

وفقہ اللہ
رکن
افسوس کے آپ کو علم ہی نہیں کہ اکابر دیوبند پاک و ہند میں سے ایک دو کے علاوہ کسی کے نزدیک بھی بریلوی علماء اور سارے عوام کافر نہیں ۔
 

زنیرہ عقیل

منتظم اعلی۔ أیدہ اللہ
Staff member
منتظم اعلی
افسوس اس بات کا ہے کہ اللہ کو خوش کرنے کی بجائے ہم لوگوں کو خوش کرنا چاہتے ہیں
ہمیں مزارات کے قبروں کے آگے سجدہ کرنے والا شرک نظر ہی نہیں آتا۔ ہم حسن ظن کا مظاہرہ کر کے انہیں سچے پکے مسلمان مانتے ہیں کیوں کہ وہ نبی ﷺ کو اللہ کے برابر سمجھتے ہیں
ہمیں صرف اور صرف مخالفین کو سنانے کے لیے اپنے شرک کو اعلانیہ کرنے والے لاؤڈ اسپیکر اور درودیوار پر حاضر و ناضر نبی ﷺ تو کیا ولیوں میں بھی وہی صفات ماننے والوں کا شرک نظر نہیں آتا۔
جو اللہ کا شریک کسی کو ٹہرائے اس کے لیے اکابرین کا نظریہ کیا ہے یہ دیکھنے کی بجائے اللہ اور رسول ﷺ کا کھلم کھلا اعلان کیا ہے وہ نظر نہیں آتا۔
میں یہ نہیں کہتی کہ فلاں کافر ہے ۔ کیوں کہ کفر کے فتوؤں کی دکان ہم نے نہیں کھولی ۔
ہم یہ کہتے ہیں کہ فلاں کام شرکیہ ہے اس سے اجتناب کیا جائے اگر کوئی کرتا ہے تو پھر ہمیں کہنے کی ضرورت نہیں کہ وہ مشرک ہے۔ کہنے سے کوئی مشرک نہیں ہو جاتا بلکہ اپنے اعمال سے ہوتا ہے۔
 

ابن عثمان

وفقہ اللہ
رکن
افسوس اس بات کا ہے کہ اللہ کو خوش کرنے کی بجائے ہم لوگوں کو خوش کرنا چاہتے ہیں
ہمیں مزارات کے قبروں کے آگے سجدہ کرنے والا شرک نظر ہی نہیں آتا۔ ہم حسن ظن کا مظاہرہ کر کے انہیں سچے پکے مسلمان مانتے ہیں کیوں کہ وہ نبی ﷺ کو اللہ کے برابر سمجھتے ہیں
ہمیں صرف اور صرف مخالفین کو سنانے کے لیے اپنے شرک کو اعلانیہ کرنے والے لاؤڈ اسپیکر اور درودیوار پر حاضر و ناضر نبی ﷺ تو کیا ولیوں میں بھی وہی صفات ماننے والوں کا شرک نظر نہیں آتا۔
جو اللہ کا شریک کسی کو ٹہرائے اس کے لیے اکابرین کا نظریہ کیا ہے یہ دیکھنے کی بجائے اللہ اور رسول ﷺ کا کھلم کھلا اعلان کیا ہے وہ نظر نہیں آتا۔
میں یہ نہیں کہتی کہ فلاں کافر ہے ۔ کیوں کہ کفر کے فتوؤں کی دکان ہم نے نہیں کھولی ۔
ہم یہ کہتے ہیں کہ فلاں کام شرکیہ ہے اس سے اجتناب کیا جائے اگر کوئی کرتا ہے تو پھر ہمیں کہنے کی ضرورت نہیں کہ وہ مشرک ہے۔ کہنے سے کوئی مشرک نہیں ہو جاتا بلکہ اپنے اعمال سے ہوتا ہے۔
پہلی بات تو بڑی سخت ہے ۔اوپردیوبندی اکابرین کی مصالحت کی کوششوں کے حوالے بھی نقل کئے گئے ہیں ۔ ان اکابرین کے بارے میں تو یہ نہیں کہا جاسکتا کہ و ہ کسی کو خوش کرنے کے لئے یہ کرتے ہیں ۔
قبر کوسجدہ کرنے والے کو سچا پکا مسلمان ۔۔۔یہ بھی بہت سخت بات ہے ۔کیونکہ میں نے کہی نہیں ۔ بلکہ میں نے تو یہ کہا تھاجو علماء کہتے ہیں۔
اور بعد کے ایک جملے میں تو اہلحدیث بھائیوں کی طرح آپ نے اکابرین کو اللہ اور رسول ﷺ کے مقابل ہی کردیا۔ جو کہ زیادتی ہے ۔
اور شرک نظر نہیں آتا یا اللہ اور رسولﷺ کا اعلان نظر نہیں آتا ۔ یہ باتیں مدارس میں استفتاء کر کے پوچھ لیجئے ۔
بہرحال یہ مضمون آپ کو مخاطب کر کے نہیں لکھا گیا۔
 
Last edited:

زنیرہ عقیل

منتظم اعلی۔ أیدہ اللہ
Staff member
منتظم اعلی
پہلی بات تو بڑی سخت ہے ۔اوپردیوبندی اکابرین کی مصالحت کی کوششوں کے حوالے بھی نقل کئے گئے ہیں ۔ ان اکابرین کے بارے میں تو یہ نہیں کہا جاسکتا کہ و ہ کسی کو خوش کرنے کے لئے یہ کرتے ہیں ۔
قبر کوسجدہ کرنے والے کو سچا پکا مسلمان ۔۔۔یہ بھی بہت سخت بات ہے ۔کیونکہ میں نے کہی نہیں ۔ بلکہ میں نے تو یہ کہا تھاجو علماء کہتے ہیں۔
اور بعد کے ایک جملے میں تو اہلحدیث بھائیوں کی طرح آپ نے اکابرین کو اللہ اور رسول ﷺ کے مقابل ہی کردیا۔ جو کہ زیادتی ہے ۔
اور شرک نظر نہیں آتا یا اللہ اور رسولﷺ کا اعلان نظر نہیں آتا ۔ یہ باتیں مدارس میں استفتاء کر کے پوچھ لیجئے ۔
بہرحال یہ مضمون آپ کو مخاطب کر کے نہیں لکھا گیا۔
ہمارے علماء اور اکابرین نے شرک کا مفہوم کبھی نہیں بدلا۔ شرک کی جو تعریف ہے اسے آپ بھی بخوبی جانتے ہیں اور قبول کرتے ہیں۔
مفاہمت و مصالحت کی جو کوششیں ہیں اس میں کبھی بھی شرک کا مفہوم نہیں بدلاگیا بلکہ فساد اور لڑئی جھگڑے ختم کرنے کے لیے ایک دوسرے پر فتوے دینے داغنے اور نفرتوں کو ختم کرنے کی کوششوں میں خاموشی اختیار کرنے اور در گزر کرنے کی کوشش ہے۔

آپ اگر مناسب سمجھیں تو مجھے ایک بات کا جواب دیں۔
شرک کیا ہے؟ اور جو شرک کرے اسے کیا کہتے ہیں؟
 

زنیرہ عقیل

منتظم اعلی۔ أیدہ اللہ
Staff member
منتظم اعلی
مشرکین عرب عام طور سے یہ عقیدہ رکھتے تھے کہ یہ کائنات اللہ تعالیٰ ہی کی پیدا کی ہوئی ہے، لیکن انہوں نے کچھ دیوتا گھڑ کر ان کے بت بنا لیے تھے، اور ان کا عقیدہ یہ تھا کہ ہم ان کی عبادت کریں گے تو یہ اللہ تعالیٰ سے ہماری سفارش کریں گے، اور ان کے ذریعے اللہ تعالیٰ کا تقرب حاصل ہو گا۔ قرآن کریم نے اس کو بھی شرک قرار دیا، کیونکہ اول تو ان دیوتاؤں کی کوئی حقیقت ہی نہیں تھی، دوسرے عبادت تو اللہ تعالیٰ کا خالص حق ہے، کسی دوسرے کی عبادت، خواہ کسی نیت سے کی جائے، شرک ہے۔ اس سے معلوم ہوا کہ اگر کوئی شخص واقعی بزرگ اور ولی اللہ ہو، تب بھی اس کی عبادت شرک ہے، چاہے اس نیت سے ہو کہ اس کے ذریعے ہمیں اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل ہو گا۔

قرآن کی سوراہ الزمر میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:

اَلَا لِلّـٰهِ الدِّيْنُ الْخَالِصُ ۚ وَالَّـذِيْنَ اتَّخَذُوْا مِنْ دُوْنِهٓ ٖ اَوْلِيَآءَۚ مَا نَعْبُدُهُـمْ اِلَّا لِيُـقَرِّبُوْنَآ اِلَى اللّـٰهِ زُلْفٰىؕ اِنَّ اللّـٰهَ يَحْكُمُ بَيْنَـهُـمْ فِىْ مَا هُـمْ فِيْهِ يَخْتَلِفُوْنَ ۗ اِنَّ اللّـٰهَ لَا يَـهْدِىْ مَنْ هُوَ كَاذِبٌ كَفَّارٌ (3)

یہ کتاب اللہ کی طرف سے نازل کی جا رہی ہے، جو بڑے اقتدار کا مالک ہے، بہت حکمت والا ہے۔
(اے پیغمبر) بیشک یہ کتاب ہم نے تم پر برحق نازل کی ہے، اسلیے اللہ کی اس طرح عبادت کرو کہ بندگی خالص اسی کے لیے ہو۔

یاد رکھو کہ خالص بندگی اللہ ہی کا حق ہے۔ اور جن لوگوں نے اس کے بجائے دوسرے رکھوالے بنا لیے ہیں۔ (یہ کہہ کر کہ) ہم ان کی عبادت صرف اس لیے کرتے ہیں کہ یہ ہمیں اللہ سے قریب کر دیں۔ ان کے درمیان اللہ ان باتوں کا فیصلہ کرے گا جن میں وہ اختلاف کر رہے ہیں۔ یقین رکھو کہ اللہ کسی ایسے شخص کو راستے پر نہیں لاتا جو جھوٹا ہو، کفر پر جما ہوا ہو۔
 

زنیرہ عقیل

منتظم اعلی۔ أیدہ اللہ
Staff member
منتظم اعلی

شرکیہ عقائد رکھنے والے امام کی اقتداء کا حکم​


سوال​

کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام اس بارے میں کہ بریلوی کے پیچھے نماز ہوجاتی ہے یا نہیں ؟براہِ کرم جلد جواب دیں۔

جواب​

صورت مسئولہ میں اگر کوئی بھی شخص شرکیہ عقائد رکھتا ہو،یعنی اللہ تعالیٰ کی صفات میں سے کسی بھی صفت میں کسی کو شریک ٹھرائے جیسے کہ حضور اکرمﷺ کے حاضر و ناظر ہونے کا یا اللہ تعالیٰ کے علاوہ کسی اور کے عالم الغیب ہونے کا عقیدہ وغیرہ تو ایسے امام کے پیچھے نماز نہیں ہوگی اوراگر شرکیہ عقائد تو نہ رکھتا ہومگر بدعات میں مبتلاء ہو تو ایسے امام کے پیچھے نماز پڑھنا مکروہِ تحریمی ہے ۔

فتوی نمبر : 143101200040
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن
 

زنیرہ عقیل

منتظم اعلی۔ أیدہ اللہ
Staff member
منتظم اعلی

سوال​

Ref. No. 1059

مفتی صاحب۔ قبروں پر بریلوی جو شرکیہ کام کرتے ہیں تو ایک مولانا صاحب نے یہ کہا کہ تم مسلمان ہو کے شرک کرتے ہو جہنم میں کیوں نہ جاؤ گے، حالانکہ ہندو بھی تو شرک کرتے ہیں تو اگر وہ مشرک تو تم بھی مشرک ۔ انہوں نے کہا کہ کعبہ کے رب کی قسم اگر یہ قبروالے مسلمان جنت میں جائیں گے تو ہندو بھی جائیں گے۔ تو کیا یہ ان کا کہنا صحیح ہے؟ کیا بریلوی سب مشرک ہیں؟ اب سوال یہ کہ ہندو نے یہ کہتے ہوئے مولانا کو سن لیا اب وہ اس خیال میں ہے کہ مسلمان بھی مشرک ہوتے ہیں تو ا س کو کیا بتایا جائے کہ سانپ بھی مرجائے اور لاٹھی بھی نہ ٹوٹے۔

جواب​


Ref. No. 1122 Alif
الجواب وباللہ التوفیق
بسم اللہ الرحمن الرحیم۔ تمام بریلوی مشرک نہیں ہیں، بلکہ جو لوگ قبروں پر سجدہ کرتے ہیں اور صاحب قبر کو مشکل کشا وحاجت روا اور مختار سمجھتے ہیں وہ مشرک ہیں ؛ غیرمسلم اور مشرک دونوں کا درجہ ایک ہی ہے۔ غیر مسلم کو اسلام کے بنیادی عقائد کو سمجھادیا جائے کہ اسلام میں اصل شرک و بت پرستی سے روکنا اور تمام امور میں اللہ تعالی کو ہی مشکل کشا وحاجت روا ہونے کا عقیدہ رکھنا ضروری ہے۔ اور جو اس کے خلاف کرے وہ اسلام سے خارج ہے۔ واللہ اعلم بالصواب

دارالافتاء
دارالعلوم وقف دیوبند


ماخذ :دار الافتاء دار العلوم (وقف) دیوبند
فتوی نمبر :301
تاریخ اجراء :Apr 4, 2015,
 
Top