اصول و قانون میں فرق

محمدداؤدالرحمن علی

خادم
Staff member
منتظم اعلی
سلام مسنون :-

*اصول* اور *قانون* بظاہر مترادف ہیں ، لیکن ، ہیں نہیں ۔ دونوں کی مختصراً تفصیل درج ذیل ہے ۔
*اصول* =
یہ عربی زبان کا لفظ ہے جو *فعول* کے وزن پر جمع کا صیغہ ہے ۔ اس کا واحد " اصل " ہے ۔ اردو میں " اصول " بطور واحد اور بجنس مذکر مستعمل ہے جب کہ *اصل* بلحاظِ جنس موئنث استعمال کیا جاتا ہے ۔
*اصول* کے معانی جَڑ ، طور ، طریقے ، رسم و رواج ، دستور ، روایت اور وہ بنیادی باتیں ، جن سے (علم یا کسی فن کے) ضمنی مسائل سامنے آئیں(اور انھیں حل کرنے کے لیے جو جواب مقرر کیے جائیں وہ اصول کہلاتے ہیں) ۔ موسیقی کی رُو سے اصول سے مراد راگ کے وہ مقررہ سُر جن سے اس(راگ) کی پہچان ہوتی ہے ۔
*قانون* =
یہ عربی زبان سے ماخوذ ہے البتہ بعض علماء اسے یونانی لفظ قرار دیتے ہوئے معرب(عربی بنایا ہوا) قرار دیتے ہیں ۔ یہ اسمِ جامد اور بلحاظِ جنس مذکر ہے ۔ مفاعیل کے وزن پر " قوانین " اس کی جمع ہے ۔ یہ لفظ قواعد اور ضوابط کے مترادف ہے ۔
*قانون* کے معانی قاعدہ ، مجموعہِ احکام ، ضابطہ ، ضابطہِ عمل ہے ۔ قانون سے مراد وہ (عام) قواعد و ضوابط ہیں جن کا تعلق انسانی افعال سے ہے اور جنھیں حکومت نافذ کرتی ہے ۔
اصول اور قانون میں ترمیم اسی صورت میں کی جاسکتی ہے جب ان سے متعلق ضمنی مسائل میں کمی بیشی کی ضرورت پیش آئے ۔
یاد رہے کہ قانون اس گھوڑے کو بھی کہا جاتا ہے جو خود سفید ہو اور اس کے کان سیاہ ہوں ۔
والسلام
سمیع اللہ حضروی
 
Top