یہ تھے اکابر مظاہر پرمولانازین العابدین کاتبصرہ

مفتی ناصرمظاہری

کامیابی توکام سے ہوگی نہ کہ حسن کلام سے ہوگی
رکن
نام کتاب: یہ تھے اکابر مظاہر

تالیف: مفتی ناصر الدین مظاہری

باہتمام: مولانا بشارت نواز

ناشر: مکتبہ تراث الاسلام، خانیوال

تبصرہ نگار: مولانا زین العابدین کراچی



اس دنیا کی زندگی بہت ہی مختصر اور اچانک ختم ہوجانے والی ہے، خوش نصیب ہیں وہ لوگ جو اپنے اوقات دینی کاموں میں صرف کردیتے ہیں اور ان شاء اللہ قبر میں جانے کے بعد یہ دینی کاموں میں گزرے اوقات ہی انسان کو سرخ رو کریں گے۔ جناب مولانا بشارت نواز صاحب پر اللہ تعالی کا بڑا انعام ہے کہ وہ امامت و تدریس کے ساتھ ساتھ تصنیف و تالیف اور دینی کتب کی اشاعت میں بھی لگے رہتے ہیں، یوں اپنی زندگی کے اوقات قیمتی بناتے ہیں۔ بشارت نواز صاحب نے دینی کتب کی محدود پیمانہ پر اشاعت کے لیے منی پریس خریدا ہے اور اس سے وقتا فوقتا وہ مختلف دینی اور علمی ادبی کتابیں شائع کرتے رہتے ہیں۔ ابھی حال ہی میں انہوں نے جامعہ مظاہر علوم سہارنپور کے مدرس، علمی اور ادبی شخصیت جناب مفتی ناصر الدین مظاہری کی کتاب "یہ تھے اکابر مظاہر" شائع کی ہے، اس کتاب میں مظاہر علوم سہارنپور سے تعلق رکھنے والے بزرگوں پر ان کے قلم سے لکھے گئے مضامین کو جمع کیا گیا ہے، جو پہلے "علم و کتاب گروپ" میں قسط وار شئیر کیے جاتے رہے ہیں۔ مفتی ناصر الدین صاحب کا قلم مختلف موضوعات پر رواں دواں رہتا ہے، ان کی تحریریں علم و ادب سے مزین ہوتی ہیں، پڑھنے والوں کو دلچسپی کا سامان فراہم کرتی ہیں، سچی بات ہے ہمیں تو پڑھنے میں بڑا لطف آتا ہے۔ چناں چہ اس کتاب میں بھی اہل ذوق کی تسکین کا سامان وافر مقدار میں موجود ہے۔ اکابر مظاہر کا تذکرہ بڑے دل فریب انداز میں کیا گیا ہے، الغرض کتاب میں علم و ادب کے ساتھ ساتھ موعظت و نصیحت اور دینی اعمال میں لگے رہنے کی ترغیب بھی ملتی ہے۔

یہ کتاب انشاء اللہ شخصی خاکوں اور تذکروں کے موضوع پر موجود لٹریچر میں ایک اہم اضافہ ثابت ہوگی۔ اللہ تعالی اس کو نافع اور مفید بنائے۔ آمین
 
Top