تہنیت

مفتی ناصرمظاہری

کامیابی توکام سے ہوگی نہ کہ حسن کلام سے ہوگی
رکن
مظاہر علوم وقف میں طلبہ کے منظورِ نظر اساتذہ میں سے ایک نام حضرت مولانا و مفتی محمد ناصر الدین صاحب مظاہری کا بھی ہے ـ مفتی صاحب سے مجھے بھی کچھ دنوں پڑھنے کا شرف حاصل ہے، ان کے درس میں معلومات کا ایک جہان آباد ہوا کرتا تھا اور حضرت کی بے پناہ طلاقتِ لسانی و خوش بیانی کی وجہ سے درس کی افادیت فزوں تر ہوجایا کرتی تھی نیز دورانِ درس خوش طبعی کا بھی مظاہرہ فرماتے رہتے جس سے ایک لمحے کے لیے بھی بوریت کا احساس نہ ہوتا تھا ـ
مفتی صاحب زبان کے ساتھ ساتھ قلم کے بھی دھنی واقع ہوئے ہیں، بلکہ اپنی تحریروں کی وجہ سے ہی ہند و بیرونِ ہند میں جانے اور پہچانے جاتے ہیں ـ فقیہ الاسلام حضرت مفتی مظفر حسین رحمۃ اللہ علیہ اور جد امجد حضرت علامہ محمد عثمان غنی قاسمی رحمۃ اللہ علیہ کی سوانح پر ان کی کتابیں بھی شائع ہوکر مقبولیتِ عام و خاص حاصل کر چکی ہیں اور اب اکابرینِ مظاہر کے حالات و واقعات پر مشتمل ان کی نئی کتاب ”یہ تھے اکابرِ مظاہر“ مکتبہ تراث الادب پاکستان کے بعد ہندوستان میں بھی مکتبۃ الانور دیوبند سے طبع ہوگئی ہے جو علما، طلبہ اور عوام کے لیے بھی یکساں مفید ہے، امید ہے کہ علم دوست حضرات کتاب حاصل کرکے ضرور مستفید ہونا چاہیں گے ـ ہم مفتی صاحب کی خدمت میں اس گراں قدر علمی کاوش اور خوبصورت پیشکش کے لیے ہدیۂ تبریک و تشکر پیش کرتے ہیں ـ

لقمان عثمانی بیگوسرائے
مقیم حال قاہرہ مصر
 
Top