قربانی ، سیلفیاں،ویڈیو

مفتی ناصرمظاہری

کامیابی توکام سے ہوگی نہ کہ حسن کلام سے ہوگی
رکن
سنو!سنو!!
قربانی ، سیلفیاں،ویڈیو
ناصرالدین مظاہری

نماز ہو، روزہ ہو، حج ہو، زکوۃ ہو، تلاوت ہو، نوافل ہوں ، کوئی بھی عبادت ہو اللہ تعالیٰ کو ریاکاری اور دکھاوا بالکل پسند نہیں ہے ۔ جو لوگ نمازی کہلانے کے لئے نماز پڑھیں، روزہ دار کہلانے کے لئے روزہ رکھیں، حاجی کہے جانے کے لئے حج کریں،امیر اور قوم کا ہمدرد کہے جانے کے لئے زکوۃ دیں ، یقین مانیں اور یقین جانیں ا یسی تمام عبادتیں، ریاضتیں ضائع اور بے کار ہیں۔ حتیٰ کہ شہید کی ’’شہادت‘‘ قابل قبول نہیں، اساتذۂ کرام کی ’’تعلیم ‘‘ قابل قبول نہیں، سخی کی ’’سخاوت‘‘ قابل قبول نہیں کیونکہ ان سب کی نیت دکھاوے کی تھی۔
سو اس تمہید کے بعد آپ سمجھ سکتے ہیں کہ قربانی جو خالص ا سلامی شعارہے ، عبادت ہے، رضائے رب کا ذ ریعہ ہے، خو شنودیٔ رحمان کا سبب اور وسیلہ ہے اگر یہ عبادت بھی اسی ’’دکھاوے‘‘ کی نذر ہوگئی تو ہماری اس عبادت کا کیا ہوگا؟ جو قربانی محض دکھاوے کے لئے کی گئی ہے ، بوقت ذبح اللہ تعالیٰ کا نام پاک بھی لیا گیا ہے، بسم اللہ اللہ اکبر بھی پڑھا گیا ہے ، سارے وہ کام کئے گئے ہیں جن کا شریعت نے مکلف بنایا ہے بس ایک چیزہے ’’نیت ‘‘ جس میں فتورہے، اس کا ارادہ یہ ہے کہ لوگ واہ واہی کریں، گلی گلی میں لوگوں کی زبانوں پر اسی کا نام ہو کہ فلانے نے کتنا مہنگا جانور راہ خدا میں قربان کیا، لوگ مثالیں دیں کہ فلاں نے تو کمال کردیا، سب لوگ ایک ایک حصہ اور ایک بکرا ہی قربان کرتے ہیں ہمارے محلہ کے حاجی صاحب نے ، قاضی صاحب نے، امیرزادے نے، رئیس صاحب نے درجنوں جانور قربان کردئے ہیں ۔ جی ہاں بہت ممکن ہے تھوڑی دیر کے لئے لوگوں کی زبانوں پر آ پ کانا م آجائے، ہوسکتا ہے کہ کچھ لوگ آپ کے در اور گھر پہنچ کر واہ واہی کریں ، چاپلوسی کریں، جھوٹی تعریف کریں لیکن اللہ تعالیٰ کے یہاں دکھاوے کی اس عبادت کو ’’نفاق‘‘ کے زمرے میں لکھا جا چکا ہے ، ایسا منافق شخص جب تک دنیا میں جئے گا نافرمانوں میں شمار ہوگا اور آخرت کا عذ اب تو بڑا دردناک ہے۔
سنو!سنو!! اللہ کے حبیب حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فر مایا:’ ’ جس نے دکھاوے کے لئے نماز پڑھی، اس نے شرک کیا ، جس نے دکھاوے کے لئے روزہ رکھا ، اس نے شرک کیا اور جس نے دکھاوے کے لئے صدقہ کیا ا س نے شرک کیا ۔‘‘ (جاع العلوم والحکم)

آپ کیا سمجھتے ہیں آپ نے جانور ذبح کیا، اس کی ویڈیو بنالی، فیس بک، ٹیوٹر، واٹسپ ہرجگہ وائرل کردی کیا اس کو دکھاوا نہیں کہتے؟ کیا آپ کا یہ عمل ’’مسنون‘‘ کہا جا ئے گا؟ ہرگز نہیں ، ریاکاری یہ بھی ہے۔ ابنِ اعرابی رحمہ اللہ فرماتے ہیں : ’’ سب سے زیادہ خسارے میں وہ شخص ہے جو لوگوں کے سامنے اپنے نیک اعمال ظاہر کرتا ہے ۔ (شعب الایمان)

آسمان کے نیچے اسلام کے سوا سب باطل ہے ،ہماری کتاب، ہماری شریعت اور ہمارا مذہب ہی باقی رہنے والا ہے ، ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ ہماری کتاب اور ہمارے نبی کی تعلیمات ہی ہمارے لئے کافی ہیں تو پھر کیوں ہم شیطان کی اقتدا اور اتباع کرتے ہیں۔اسلام کے دشمن بال کی کھال نکالنے اور اسلام پر اعتراض کے مواقع تلاش رہے ہیں اور ایک ہم ہیں کہ اپنی بداعمالیوں، بدکرداریوں، غیرشرعی وغیرسنجیدہ امور کے ارتکاب سے انھیں یہ موقع فراہم کر رہے ہیں۔
آخری بات:کسی بھی دھرم میں عبادات کی تشہیر نہیں ہوتی، کیا وہ لوگ گوشت نہیں کھاتے؟ کیا وہ لوگ جانور ذبح نہیں کرتے؟ سب کرتے ہیں اور آپ سے زیادہ کرتے ہیں، آپ ایک ہی آنت سے کھاتے ہیں اور وہ ساتوں آنتوں میں کھاتے ہیں ۔
 
Top