غزل

احمدقاسمی

منتظم اعلی۔ أیدہ اللہ
Staff member
منتظم اعلی
غزل
(ایک بیس بائیس سال پرانی غزل کچھ ترمیم و اضافہ کے ساتھ)

ٹھیک نہیں ہے رونا دھونا سمجھے نا
خوش رہنا، گم صم بھی نہ ہونا سمجھے نا

اب بھی دل میں عکس تمھارا روشن ہے
اب بھی ہے جگمگ کونا کونا سمجھے نا

تم تو چھُپ جاتے ہو دکھا کر ایک جھلک
چل جاتا ہے جادو ٹونا سمجھے نا

جان چلی جائے گی مری اِک دن یوں ہی
مجھ سے کبھی ناراض نہ ہونا سمجھے نا

مٹّی کے ہیں مٹّی میں مل جائیں گے
رہ جائے گا چاندی سونا سمجھے نا

ایک ہی سکِّے کے دو پہلو ہیں سکھ دکھ
پانے سے منسوب ہے کھونا سمجھے نا

نفرت کے خار و خس ہو جائیں گے خشک
بیج محبت ہی کے بونا سمجھے نا

فرقت کا اِک بار مزہ چکھ لو گے تو
آجائے گا پھوٹ کے رونا سمجھے نا

کوشش کر لو اتنا بھی آسان نہیں
'لفظوں میں احساس' پِرونا، سمجھے نا

پردیسی کو چین کہاں حاصل راغبؔ
گھر جا کر آرام سے سونا سمجھے نا

افتخار راغبؔ
دوحہ، قطر
کتاب: لفظوں میں احساس​
 
Top