نکاح اور نکاح خواں

مفتی ناصرمظاہری

کامیابی توکام سے ہوگی نہ کہ حسن کلام سے ہوگی
رکن
سنوسنو!!

نکاح اور نکاح خواں

(ناصرالدین مظاہری)
7/شوال المکرم 1444ھ

اب تو ہر شادی میں خدا معلوم کہاں سے خواجہ سرا پہنچنے لگے ہیں وہ بھی جم کر وصول یابی کرتے ہیں اور لوگ خوب دیتے بھی ہیں، خواجہ سراؤں کو دینے کے تعلق سے لوگوں کو کوئی پریشانی نہیں ہوتی اور نکاح پڑھانے والے حضرات کے لئے اب بھی مسئلے معلوم کرتے پھرتے ہیں کہ جائز ہے یا نہیں۔

مجھ سے ایک صاحب نے پوچھاکہ کی نکاح پڑھانے کی اجرت جائز ہے ؟

میں نے کہا کہ اگر معلوم ہی کرنا ہے تو پوچھو کہ شادی میں عورتوں کو بے پردہ گھومنا اور یہاں وہاں ناچنا اور گرمیانی بکریوں کی طرح بکروں کے درمیان جانے کے بہانے تلاش کرنا کیساہے؟

پوچھنا ہی ہے تو پوچھو کہ منڈھا کرنا کیساہے؟

مہندی کی تقریبات، منگنی کی تفریحات، گونا اور تھونا جیسی واہیات، منہ دکھائی، منہ دھلائی،جوتا چرائی، سلامی، سہرا، گاڑیوں کی سجاوٹ، کھڑے کھڑے کھانے اور چل چل کر چرنے کی کہاں تک گنجائش ہے؟

پوچھو کہ بارات کی شرعی حیثیت کیا ہے؟

نیوتہ لینے کا کیا حکم ہے؟

یہ بھی پوچھو کہ جہیز لینا دینا اور فرمائشیں اور خواہشیں کرنا کیساہے؟

مہنگے ترین بارات گھروں میں مہنگے ترین کھانے اور عیاشیوں فحاشیوں، عریانیوں، کی بھلا گنجائش ہے یا نہیں؟

ڈالہ کھلائی، دلہن کے پیر دھلائی، گھر گھسائی، گاڑی سے اترائی کی رسومات بے جا کا بھلا کیا مقام ہے؟

کیوں نہیں پوچھتے کہ تمہاری پوری شادیاں ابتداء کی الف سے فضولیات سے بھری اور خرافات سے ہری ہیں اور ان تمام خلاف شرع باتوں کی شرعی حیثیت آپ نے کبھی کیوں نہیں پوچھی
پوری شادی میں لے دے کے بے چارہ نکاح ہی مسکین ہے نکاح کے وقت بارات گھروں میں لوگ جانوروں کی طرح کھانوں اور پکوانوں پر ٹوٹے پڑتے ہیں لیکن مجال ہے چند منٹ کے لئے نکاح کی مجلس میں بیٹھ جائیں۔

دعوت نامے اتنے مہنگے کہ توبہ توبہ،تاریخ پکی کرنے کا کارڈ بھی بننے لگا ہے اس کو لال خط کہتے ہیں یہ کام تو ایک پرچی پر بھی بطور یادداشت لکھ سکتے تھے لیکن میں نے بعض لوگوں کو چاندی کی طشت پر شادی کی تاریخ لکھواتے دیکھاہے۔

کم خرچ اسلام کی تعلیم ہے فضول خرچ شیطان کا بھائی ہے ذرا سا توجہ کیجیے ہم کس جگہ کھڑے ہیں؟

میرا تو کہنا ہے کہ لوگ اگر سادگی کے ساتھ شادی کریں بارات کے جھمیلے میں نہ پڑیں شریعت کا خیال رکھیں تو نکاح خواں حضرات بالکل ہی وظیفہ نہ لیں لیکن اس کے خلاف کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہ کریں کیونکہ ان کی یہی رقم تو صحیح معنی میں اچھی جگہ خرچ ہورہی ہے۔
 
Top