جلوہ فرما دیر تک دلبر رہا

مزمل شیخ بسمل

وفقہ اللہ
رکن
غزل
(خواجہ عزیزالحسن مجذوؔب)

جلوہ فرماں دیر تک دلبر رہا
اپنی کہہ لی سب نے میں شسدر رہا

گو مرا دشمن زمانہ بھر رہا
مجھ پہ فضلِ خالقِ اکبر رہا

گو مرے در پے عدو اکثر رہا
جو مری قسمت کا تھا مل کر رہا

تاجِ زر شاہوں کے زیرِ سر رہا
سر مرا خود زینتِ افسر رہا

جسم بے حس بے شکن بستر رہا
میں نئے انداز سے مضطر رہا

میں وہاں گو بے زباں بن کر رہا
دل میں اک ہنگامہء محشر رہا

باغِ عالم دشت سے بڑھ کر رہا
سر میں سودا پاؤں میں چکر رہا

گو وہ گل پیشِ نظر دم بھر رہا
دل میں برسوں اک عجب منظر رہا

میں خرابِ بادہ و ساغر رہا
دل فدائے ساقئ کوثر رہا

قول جو حق تھا وہی لب پر رہا
حلق میرا گو تہہِ خنجر رہا

میں رہا رو باغِ ہستی میں مگر
بے نوا، بے آشیاں، بے پر رہا

سب چمن والوں نے تو لوٹی بہار
اور مجھے صیاد ہی کا ڈر رہا

یاد کر بلبل کبھی وہ دن بھی تھے
میں بھی تیرا ہمنوا اکثر رہا

کوئی سمجھا رند ، کوئی متقی
لب پہ توبہ ہاتھ میں ساغر رہا

تھم رہے آنسو، رہی دل میں جلن
نم رہیں آنکھیں کلیجہ تر رہا

عمر بھر پھرتا رہا ہوں دربدر
مر کے بھی چرچا مرا گھر گھر رہا

سب پڑھا لکھا میں بھولا یک قلم
اک سبق ہاں عشق کا ازبر رہا

سینکڑوں فکریں ہیں تم کو عاقلوں
تم سے تو مجذوؔب ہی بہتر رہا
 

محمد نبیل خان

وفقہ اللہ
رکن
سب پڑھا لکھا میں بھولا یک قلم
اک سبق ہاں عشق کا ازبر رہا

سینکڑوں فکریں ہیں تم کو عاقلوں
تم سے تو مجذوؔب ہی بہتر رہا
سبحان اللہ
 

مفتی ناصرمظاہری

کامیابی توکام سے ہوگی نہ کہ حسن کلام سے ہوگی
رکن
لب پہ توبہ ہاتھ میں ساغر رہا
ہمارایہی حال ہے تب ہی توہماری توبہ قبول نہیں ہوتی۔قبولیت توبہ کی علامتوں میں سے ایک علامت یہ بھی ہے کہ اس گناہ کودوبارہ نہ کیاجائے۔
مجذوب صاحب نہایت باکمال شخصیت تھے اللہ غریق رحمت فرمائے۔
 

محمد ارمغان

وفقہ اللہ
رکن
حضرت مفتی صاحب! آپ کچھ قلم کو حرکت میں لائیے اور حضرت خواجہ صاحب رحمہ اللہ تعالیٰ پر کچھ لکھیے اور منظرِ عام پر لائیے۔ محببین شوقِ دید میں منتظر ہیں۔
 

ذیشان نصر

وفقہ اللہ
رکن
خواجہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ واقعی ایک اعلی پائے کے شاعر اور بزرگ تھے ۔۔۔! افکارِ قاسمی کے دوسرے شمارے سے میں اُن کے کلام سے اقتباسات نقل رہا ہوں ۔۔۔! آپ کی نظر گذر ہوں گے ۔۔۔ا رمغان بھائی۔۔۔!
اور میں بھی آپ کے ساتھ مل کر مفتی ناصر مظاہری صاحب سے درخواست کروں گا کو وہ خواجہ صاحب کا مزید تعارف کروائیں اور شاعری کے علاوہ بھی آپ کی شخصیت کے دوسرے پہلووں کو بھی احاطہ تحریر میں لائیں ۔۔۔۔!
 
Top