ہمارے سارے علم (سلو ک ) کاماخذ قرآن وحدیث ہے ۔

احمدقاسمی

منتظم اعلی۔ أیدہ اللہ
Staff member
منتظم اعلی
ہمارے سارے علم (سلو ک ) کاماخذ قرآن وحدیث ہے ۔
امام طریقت حضرت بشر حافیؒ
حضرت بشر حافیؒ کو خواب میں حضرت رسول خدا صلعم کی دولتِ زیارت نصیب ہوئی اور ارشاد ہوا ،اے بشر حافی! تجھے معلوم ہے کہ خدا نے تیرے معاصرین میں تیری اس قدر عزت افزائی کس بنا پر فر مائی ، عرض کیا کہ نہیں معلوم ارشاد ہوا کہ میری سنت کی اتباع صالحین کی خدمتگزاری،اپنے بھائیوں کی خیر اندیشی اور میرے اصحاب واہل بیت کے ساتھ محبت کی بنا پر یہی چیزیں ہیں جنہوں نے تجھے ابرار کے مرتبہ پر فائز کر دیا۔ھو الذی بلغک منازل الابرار۔
حضرت با یزید بسطامیؒ سے دریافت کیا گیا کہ آپ ا س مرتبہ تک کیونکر پہنچے ،ارشاد ہوا بھوکے پیٹ اور ننگے بدن کے ذریعہ سے۔ انھیں بایزید کو با وجود شورش وسر مستی ، اتباع سنت میں اس قدر غلو تھا کہ خود فر ماتے ہیں کہ ایک بار میں نے خدا سے دعا کر نی چاہئی کہ میرے لئے خواہشِ طعام وخواہشِ نساء کو مردہ کردے مگر معاً یہ خیال آیا کہ جس شئے کو حضرت رسولِ خدا صلعم نے اپنے لئےنہیں طلب کیا ،میں اسے کیونکر طلب کروں اور میں دعا سے باز رہا اس احترامِ سنت نبوی کا صلہ یہ ملا کہ حق تعالیٰ نے اپنے فضل وکرم سے از خود خواہشِ نساءکو میرے لئے اس قدر مردہ کر دیا کہ میرے نزدیک عورت ودیوار دو نوں برابر ہیں۔
حاتم اصمؒ فر ماتے ہیں کہ ہرصبح شیطان مجھ سے سوال کرتا ہے کہ تیرا کھانا کیا ہے ، تیرا لباس کیا ہے اور سکونت کہاں ہے ،میں جواب دیتا ہوں کہ میری غذا موت ہے ، میرا لباس کفن ہے اور میرا مسکن قبر ہے ۔انھیں بزرگ سے لوگوں نے پو چھا کہ آپ کو خواہشات نہیں پیدا ہو تیں ، جواب دیا کہ میری سب سے بڑی خواہش یہ رہتی ہے کہ رات تک دن خیریت سے گزر جائے ۔لوگوں نے کہاکہ دن تو خیریت سے گزرتے ہیں رہے ہیں ارشاد ہوا کہ میں خیریت اسے کہتا ہوں کہ میں اس روز معاصی الٰہی کا ارتکاب نہ ہو۔
سید الطائفہ حضرت جنید بغدادیؒ کے اقوال
ہم نے تصوف کو قیل وقال کے ذریعہ حاصل نہیں کیا ، بلکہ گر سنگی ، ترکِ دنیا اور مرغوب وخوشگوار اشیاء کے ترک سے حاصل کیا ہے ۔
خلق پر تمام راستے محدود کر دیئے گئے ہیں بجز اس کے کہ سنت نبوی کے نقش ِ قدم پر چلا جائے ۔ہمارا سارا طریقہ کتابِ الٰہی وسنتِ رسول کا پا بند ہے ۔
جو شخص حافظ کلامِ الٰہی وعالم ِ حدیث ِ رسول نہیں ،اس کی تقلید دربارہ طریقت درست نہیں اس لئے کہ اس ہمارے سارے علم (سلو ک )ماخذ قرآن وحدیث ہے ۔

شیخ داؤدرقیؒ کس قول تھا کہ دنیا میں سب سے کمزور وہ ژخص ہے جو اپنی شہوات کے ضبط پر نہ قدرت رکھتا ہو اور سب سے زیادہ طاقتور وہ ہے جو اس پر قدرت رکھتا ہو ،اور خدا سے محبت رکھنے کی علامت یہ ہے کہ اس کی طاعات کو اختیار کیا جائے اور اس کے رسولﷺ کی اتباع کی جائے ۔

شیخ ابو الحسن حواریؒ سے منقول ہے کہ اتباع سنت نبوی سے با ہر ہو کر کوئی سا بھی عمل کیا جائے ،باطل ہو گا ۔








 
Top