انوکھے درخت

زوہا

وفقہ اللہ
رکن
اللہ تعالیٰ کی عظمت کی نشانیاں کائنات میں ہرطرف بکھری ہوئی ہیں۔ چاہے وہ سورج، چاند اور ستارے ہوں یا رنگ برنگے چرند و پرند۔ ان عظیم نشانیوں میں رنگا رنگ پھول، پودے اور درخت بھی شامل ہیں۔ ان ہزاروں قسموں کے درختوں میں سے چند انوکھے درختوں کے بارے میں ہم آپ کو مختصر سا تعارف کراتے ہیں.
سب سے بڑا درخت
امریکی ریاست کیلی فورنیا کی پہاڑی ڈھلوانوں پر اگنے والا دیوقامت جائنٹ سیکوئیا دنیا کا سب سے بڑا درخت کہلاتا ہے۔ اس درخت کی لمبائی 320 فٹ تک ہوتی ہے، جب کہ اس کے تنے کی گولائی تقریباً 110 فٹ تک ہوتی ہے۔ اس کا مجموعی وزن چھے ہزار ٹن سے زیادہ ہوتا ہے۔ یو سے ماونٹ نیشنل پارک میں ایسے ایک درخت کاتنا کاٹ کر اس میں سے سڑک گزاری گئی ہے۔
جائنٹ سیکوئیا جیسا ایک درخت ریڈوڈ کہا جاتا ہے، دنیا کا سب سے اونچا درخت کہلاتا ہے۔ اس کی زیادہ سے زیادہ لمبائی ساڑھے تین سو فٹ (105 میٹر) تک ہوتی ہے۔ جائنٹ سیکوئیا اور ریڈوڈ کے درخت دنیا بھر میں صرف امریکی ریاست کیلی فورنیا ہی میں اگتے ہیں۔ ان کی عمر ڈیڑھ ہزار سال سے زیادہ بتائی جاتی ہے۔ یہ درخت صنوبر کی قسم سے تعلق رکھتے ہیں۔
سب سے موٹا درخت
افریقا میں پایا جانےوالا باو بابا گھیراو کے لحاظ سے دنیا کا سب سے موٹا درخت کہلاتا ہے۔ اس کے تنے کی گولائی تقریباً50 سے 70 فٹ تک ہوتی ہے۔ اس پر سفید پھول لگتے ہیں۔ جو صرف رات کے وقت کھلتے ہیں۔ اس درخت پر پیلے رنگ کے لمبے لمبے پھل بھی لگتے ہیں، جنہیں ترش کدو اور بندروں کی روٹی بھی کہتے ہیں۔ ان کی لمبائی ایک فٹ ہوتی ہے۔ اس پھل کو لوگ بھی کھاتے ہیں اور مختلف مشروبات میں اس کا رس بھی شامل کیا جاتا ہے۔
قدیم ترین نسل کا درخت
گنکگو بلوبا کو سائنس دان دنیا کے قدیم ترین نسل کے درخت تسلیم کرتے ہیں۔ سائنس دانوں کے مطابق یہ آج سے لاکھوں سال پہلے بھی زمین پر موجود تھے، جب یہاں پر ڈائنو سار زندہ تھے۔ ان کا وطن چین ہے، جہاں سے یہ پوری دنیا میں پھیلے، گنکگو کے درخت کی لمبائی تقریباً60 سے 80 فٹ تک ہوتی ہے۔ اس کی شاخوں پر خول میں لپٹا ہوا ایک بیج بھی لگتا ہے، جسے بھون کر کھایا جاتا ہے۔ گنکگو کے درخت کے مختلف حصے چینی طب کی دواوں میں استعمال کیے جاتے ہیں۔ انہیں اب ہومیوپیتھی کے علاوہ دیگر نباتی طبوں میں بھی استعمال کیا جارہا ہے۔
حیرت انگیز درخت
برگد، بڑ جنوبی ایشیا کے ملکوں میں اگنے والا حیرت انگیز درخت ہے۔ یہ دنیا کا غالباً واحد درخت ہے۔ جس کی داڑھی یا شاخیں زمین میں پہنچ کر ایک الگ درخت کی شکل اختیار کرلیتی ہیں۔ اس کے یہ نئے تنے بڑھتے بڑھتے ایک ہی درخت کے کئی کئی تنے بن جاتے ہیں۔ کیا آپ یقین کریں گے کہ سری لنکا میں بڑ کے ایک قدیم درخت کے 350 بڑے اور 3000 چھوٹے تنے ہیں، جو ایک ہی درخت کے حصے ہیں۔ مغربی بنگال کے باغ نباتات،اور ایک ایسے درخت کے نیچے سات ہزار آدمی کھڑے ہوسکتے ہیں۔
 
Top