ذی الحجہ کے مہینے کا ایک اہم حکم جس کی عام مسلمانوں میں عموماً اور خواتین میں خصوصاً تبلیغ کی زیادہ ضرورت ہے… تکبیرات تشریق کا اہتمام ہے۔
نو ذوالحجہ کی فجر کی نماز سے لے کر تیرہ ذوالحجہ کی عصر کی نماز تک ہر فرض نماز کا سلام پھیرتے ہی ایک مرتبہ بلند آواز سے تکبیر کہنا واجب ہے۔ البتہ عورتیں آہستہ آواز میں کہیں گی۔
تکبیر تشریق یہ ہے:
اللہ اکبر اللہ اکبر لاالہ الا اللہ واللہ اکبر اللہ اکبر وللہ الحمد
مسئلہ: بہت سے لوگ اس میں غفلت کرتے ہیں اس تکبیر کو پڑھتے ہی نہیں یا آہستہ پڑھ لیتے ہیں حالانکہ اس کا درمیانہ طریقہ سے بلند آواز میں پڑھنا واجب ہے اس کی اصلاح ضروری ہے۔
مسئلہ: تکبیر تشریق امام، مقتدی، منفرد (یعنی اکیلے نماز پڑھنے والے) عورت، مرد، مسافر، مقیم، شہر والوں اور گاؤں والوں سب پر واجب ہے۔
ایک نہایت ضروری گزارش:
مسجد میں نماز ادا کرنے والوں کو تو ایک دوسرے کی آواز سن کر اس تکبیر کا پڑھنا یاد آجاتا ہے لیکن گھر میں خواتین اور اکیلے نماز ادا کرنے والے اکثر اس میں غفلت کرتے ہیں اس لئے بہتر ہے کہ ان ایام میں اپنے گھروں میں یہ مسئلہ لکھ کر ہر کمرے میں لٹکا دیا جائے اور گھروالوں کو بار بار اس کی یاد دہانی کرائی جائے تاکہ ترک واجب کے گناہ سے حفاظت رہے اور اللہ پاک کی بڑائی بیان کرنے کا یہ شاندار موقع پوری طرح سے نصیب ہو جائے۔