کتاب الشفاء بتعریف حقوق المصطفی کا تعارف

فاطمہ طاہرہ

وفقہ اللہ
رکن
کتاب الشفاء بتعریف حقوق المصطفی کا تعارف:

اس کتاب کا مکمل نام " الشفاء بتعریف حقوق المصطفیٰ" ہے۔اس کی تصریح ڈاکٹر یوسف عبدالرحمن مرعشلی نے کی ہے۔ کتاب کو لکھنے کا مقصد یہ تھا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مقام و مرتبہ کو منصب و شرافت،عزت و تکریم کو بیان کیا جائے۔نیز آپ صلی اللہ علیہ وآلہ کے حقوق عالیہ، خصائص غالیہ اور متعلقات کو بیان کیا جائے۔ ''الشفاء“کے مقدمہ میں یہ بات آپ نے خود تحریر کی ہے۔

کتاب الشفاء میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عظمتِ شان اور آپ کے جلیل القدر منصب و مقام کو قرآن مجید، حدیث نبوی اور آئمہ کے اقوال کی روشنی میں واضح کیا گیا ہے۔ قاضی عیاض صاحب کتاب الشفاء کے مقدمہ میں فرماتے ہیں جس کا خلاصہ یہ ہے کہ تم نے مجھ سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی قدر و منزلت، آپ کے اوصاف و محامد، آپ کی توقیر و احترام کا تذکرہ کرنے اور ان امور میں کمی اور کوتاہی کرنے والوں کے احکام بیان کرنے کے لئے مسلسل اصرار کیا ہے یہ بڑا دقت طلب اور مشکل کام ہے اور اس میں لغزش کا بھی اندیشہ ہے لیکن چوں کہ اس سے ثواب اور اللہ کے فضل و انعام کی توقع ہے اور اس کو ترک کرنا کتمانِ علم کا موجب ہے جس کے متعلق سخت وعید آئی ہے اس لئے میں نے یہ کتاب لکھی ہے۔

سیرت نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موضوع پر قاضی عیاض کی یہ کتاب الشفاء یا شفاء شریف کے نام سے بہت زیادہ مشہور ہے۔ یہ کتاب سیرت کی بے حد معروف و مقبول کتاب ہے۔ آپ نے کتاب میں رسول پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فضائل، محاسن اور معجزات کو ایسے دل پزیر اور مؤثر انداز میں بیان کیا ہے کہ ان کے ایک ایک لفظ سے حضور پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ عقیدت اور انتہائی محبت کی جھلک نظر آتی ہے۔

اس کتاب الشفاء کی ترتیب کچھ اس طرح رکھی گئی ہے کہ اس کو چار حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے:

قسم اول: اس میں ان ارشادات الٰہیہ کو بیان کیا گیا ہے جن میں اللہ تعالیٰ نے اپنے قول و فعل میں اپنے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعظیم و توقیر بیان کی ہے۔اس میں چار باب ہیں باب اول میں بیان ہے کہ اللہ تعالیٰ نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی جو تعریف اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی قدر و منزلت جو اللہ کی بارگاہ میں ہے اسے بیان کیا ہے- باب دو میں بیان ہے جس میں اللہ تعالیٰ نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پیدائش اور اخلاق کے بارے میں مناقب بیان کیے ہیں۔ باب تین میں وہ صحیح اور مشہور احادیث ہیں جن میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی قدر و منزلت جو اللہ کی بارگاہ میں ہے ان کا ذکر ہے۔ باب چار میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے معجزات اور نشانیوں کا ذکر ہے۔

قسم دوم: اس میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ کے ان حقوق کا بیان ہے جن کی بجا آوری ہر ایک مسلمان پر فرض ہے۔ اس میں چار باب ہیں۔ باب اول میں بیان ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر ایمان اور اتباع فرض ہے۔ باب دوم میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت لازم ہے۔ باب سوم میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعیظم و توقیر لازم ہے۔ باب چہارم میں بیان ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر صلوۃ و سلام کا حکم کیا ہے۔

قسم سوم: اس میں ان امور کا بیان ہے جو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لیے جائز ہیں اور جو امور ممتنع ہیں اور وہ امور بشریہ جن کی نسبت کرنا آپ کی طرف کرنا صحیح ہے۔ اس کے دو باب ہیں ایک امور دینیہ کے بیان میں اور دوسرا امور دنیاویہ کے بیان میں ہے۔

قسم چہارم:

اس میں قسم بیان ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں تنقیص کرنے اور گستاخی کرنے والے کا کیا حکم ہے۔ اس کے تین باب ہیں باب اول میں وہ امور جو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حق میں نقص اور گستاخی ہیں۔ باب دوم میں بارگاہ اقدس کے گستاخ کا حکم اور اس کی ‎سزا۔ باب سوم میں بارگاہ الہی، رسولوں، ملائکہ اور اہل بیت کی شان میں گستاخی کرنے والے کی حکم میں ہے۔

علماء کی نظر میں:

صاحب کشف الظنون فرماتے ہیں:

''یہ نہایت بیش قیمت اور مفید کتاب ہے اس سے پہلے ایسی عمدہ کتاب نہیں لکھی گئی ''۔​

علامہ احمد شہاب الدین خفاجی فرماتے ہیں:

’’و اسمہ موافق لمسماہ فان السلف الصالحین قالوا انہ جرب قراء نہ لشفاء الامراض وفک عقد الشدائد وفیہ امان من الفرق و الحرق والطاعون ببرکۃ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلمو اذا صحح الاعتقاد حصل المراد‘‘

’’شفاء شریف کا اسم اس کے مسمی کے موافق ہے کیونکہ سلف صالحین فرماتے ہیں کہ اس کا پڑھنا بیماریوں سے شفا اور مشکلات کے حل کیلئے بہترین اور محرب عمل ہے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلمکی برکت سے اس کتاب کو پڑھنے سے ڈوبنے، جلنے اور طاعون کی بیماریوں سے نجات رہتی ہے اگر اعتقاد صحیح ہو تو مراد حاصل ہوجاتی ہے‘‘-​

علامہ شہاب الدین احمد بن یحیی اپنی کتاب مسالک الابصار میں فرماتے ہیں:

’’ولہ کتاب الشفاء بتعریف حققوق المصطفےٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلملم یسبق الی مثلہ‘‘

’’قاضی عیاضؒ کی ایک کتاب کتاب الشفاء بتعریف حقوق المصطفےٰ ہے اور اس کی مثل اور کوئی کتاب نہیں گزری‘‘-​

شروحات:

اس کتاب پر متعدد شروحات لکھی گئیں ہیں۔ جن میں کچھ مندرجہ ذیل ہیں:

  • نسیم الریاض فی شرح شفاء القاضی عیاض(اس کے شارح علامہ احمد شہاب الدین خفاجی متوفی 1069ھ / 1659ء نے اس کی ایک مبسوط شرح لکھی جو چار ضخیم جلدوں میں استنبول اور قاہرہ سے شائع ہو چکی ہے۔
  • شرح الشفاء علامہ ملا علی قاری
  • مناہل الصفافی تخریج احادیث الشفاء (تالیف علامہ جلال الدین سیوطی)
  • المدد الفیاض(اس کے شارح الشیخ حسن العدوی الحمزاوی)
  • ایک شرح محمد علی القادری نے لکھی ہے جو نسیم الریاض کے مصری ایڈیشن کے حاشیہ پر چھپی ہے۔
  • کتاب مزیل الخفا عن الفاظ الشفا (تالیف از علامہ تقی الدین احمد بن محمد بن حسن التمیمی)
کتاب المقنفی فی حل الفاظ الشفاء (تالیف: علامہ برہان الدین ابراہیم بن محمد بن خلیل الحلبی)
 
Top