کیا کھویا کیا پایا۔

محمدداؤدالرحمن علی

خادم
Staff member
منتظم اعلی
کیا کھویا کیا پایا۔
محمدداؤدالرحمن علی
دنیا کا دستور ہے کہ جو اس دنیا میں آیا وہ ایک دن اس دنیا سے رخصت ہوگا۔ انسان ہوں ، جن ہوں، چرند پرند ہوں ، جانور ہوں الغرض جو بھی ہو وہ ایک نہ ایک دن اس دنیا سے ہمیشہ کے لیے رخصت ہوگا۔
آج اگر جدید ٹیکنالوجی سے کوئی چیز تخلیق کی جاتی ہے تو تخلیق کار اس پر اس بات کو لکھتا ہے کہ یہ چیز کب سے کب تک کارآمد ہے۔ یعنی وہ بتاتا ہے کہ یہ چیز اس دن بنی اور اس دن ختم ہوجائے گی۔
اسی طرح سال 2023 ایک دن آیا تھا اور چند لمحات کے بعد ہم سے ہمیشہ کے لیے رخصت ہوجائے گا۔
یہ سال نہیں تھا بلکہ یہ ہماری زندگی کا ایک حصہ تھا۔ یہ سال نہیں ہماری زندگی کا ایک حصہ ہم سے جدا ہورہاہے۔ یہ ہمیں پیغام دے رہاہے اے انسان!بے شک تو ہزاروں سال رہے۔ لیکن ایک دن تونے یہاں سے رخصت ہونا ہے۔
یہ سال جاتے جاتے ہمیں متوجہ کرکے جارہاہے کہ وقت ہے سنبھل جاؤ، جانے والے کے ساتھ افسردہ ہوا جاتا ہے نہ کہ خوشیوں کے طبل بجائے جاتے ہیں۔
یہ وہ لمحہ ہے جب انسان کو اپنے خالق کی طرف متوجہ ہونا چاہئیے،اپنے خالق سے بہتری مانگنی چاہئیے ، اپنے مالک سے اپنے گناہوں کی معافی طلب کرنی چاہئیے، اپنے رب سے معافی مانگنی چاہئیے ، اپنے رحیم و کریم تخلیق کار کو راضی کرنا چاہئیے۔
ہمیں اپنے گریبان میں جھانکنا چاہئیے کہ میں نے اس سال کے اندر کیا کھویا اور کیا پایا ہے۔؟میں نے کتنی غفلت کی زندگی گزاری۔؟ میں نے کتنے اچھے کام سرانجام دیے۔؟ میں رب کے کتنے قریب ہوا۔؟ اپنے رب کے کن کن احکامات پر عمل پیرا رہا۔؟
یہ سب چیزیں سوچنے کی ہیں ، گریبان میں جھانکنے کی ہیں۔
یہ وقت اپنے رب کی طرف بڑھنے کا ہے، یہ وقت رب کو منانے کا ہے، یہ وقت رب کے سامنے گڑگڑانے کا ہے، یہ وقت معافی تلافی کا ہے، یہ وقت اس نعمت کے شکر ادا کرنے کا ہے کہ مجھے رب تعالی نے مزید موقع نصیب فرمایا کہ میں اس کے قریب ہو سکوں۔
یاد رکھیں!یہ لمحات، یہ وقت پھر میسر نہیں آئیں گے۔ یہ ایک لمحہ اس قدر طاقت رکھتا ہے کہ ایک لمحہ میں آپ کو اپنے رب کے قریب کردیتا ہے۔ یہی دنیا کاایک لمحہ ہے جس میں آپ اپنے رب کو راضی کرسکتے ہیں ۔ آخرت میں ہر چیز میسر ہوگی پر یہ دنیا کا لمحہ جس میں میرا رب راضی ہوگا وہ میسر نہیں ہوگا۔ اس وقت کو غنیمت جانیں اور دنیا کے بجائے اپنے رب کو راضی کرنے کی طرف قدم بڑھائیں، اور اپنے رحیم رب کو منائیں۔
انسان کے سامنے الفاظ بولو تو انسان سمجھتا ہے یا سمجھ پاتا ہے۔ لیکن میرا رب بغیر بولے دل کے ہر راز اور دل کی دعا جو زبان سے ادا نہ ہوئی ہو کو سن لیتا ہے۔
آئیں اپنے رب سے عہد کریں آج کے بعد ہم اپنے رب کی منشاء پر چلیں گے، اپنے رب کے احکامات پر عمل پیرا ہونگے،اپنے محبوب صلی اللہ علیہ وسلم کے احکامات پر عمل کرینگے۔
اور اپنے گریبان میں ضرور جھانک کردیکھیں گے کہ ہم نے اس سال کیا کھویا اور کیا پایا ہے۔
 
Top