(عمار کا قاتل جہنمی ) حدیث کی تحقیق اور ایک باطل استدلال کہ (عمار کا قاتل ابو الغادیہ صحابی ہے) کا رد بلیغ

محمد طلحہ

وفقہ اللہ
رکن
(عمار کا قاتل جہنمی ) حدیث کی تحقیق اور ایک باطل استدلال کہ (عمار کا قاتل ابو الغادیہ صحابی ہے) کا رد بلیغ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی طرف منسوب کیا جاتا ہے کہ آپ نے فرمایا:
قاتل عمار وسالبہ فی النار
عمار کو قتل کرنے والا اور اس کے سامان کو چھیننے والا آگ میں جائے گا۔
اس روایت کی تمام اسناد ضعیف ہیں۔
لیکن کچھ علماء اس روایت کو صحیح سمجھتے ہیں اور قاتل صحابی رسول رسول صلی اللہ وسلم وسلم ابو غادیہ رضی اللہ عنہ کو قرار دیتے ہیں انکا نام يسار بن سبع تھا۔ جبکہ حقیقت یہ ہے کہ اس روایت کی تمام اسناد ضعیف ہیں اس روایت کی مختلف کتابوں کے اندر چار کے قریب اسناد موجود ہیں اس روایت پر بحث کرتے محدث، علامہ زبیر علی زئی رحمہ اللہ فرماتے ہیں :
جس روایت میں آیا ہے کہ سیدناعمار رضی اللہ عنہ کو قتل کرنے والا اور سامان چھیننے والا جھنم میں ہے، اس کی تخریج وتحقیق درج ذیل ہے۔
سند نمبر: 01
لیث بن أبی سلیم عن مجاھد عن عبد اللہ بن عمرو بن العاص رضی اللہ .......الخ
(ثلاثۃ مجالس من الامالی لابی محمد المخلدی ، 2.1/75،السلسلۃ الصحیحۃ18/5 الآحاد و المثانی لابن ابی عاصم 2/102 ح 803)
یہ سند ضعیف ہے۔ لیث بن ابی سلیم جمہور کے نزدیک ضعیف راوی ہے۔
بوصیری نے کہا :
جمہور نے اسے ضعیف قرار دیا ہے۔
(زوائد ابن ماجہ: 208/230)
ابن الملقن نے کہا:
وہ جمہور کے نزدیک ضعیف ہے۔
(خلاصۃ البر المنیر : 78 ، البر المنیر : 104/2)
امام نسائی نے فرمایا:
ضعیف کوفی
(کتاب الضعفاء : 511)
( اس روایت کی دو سندیں مزید شیخ نے ذکر کیں اور انکے بارے میں شخ رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں)
سند نمبر: 02
المعتمر بن سلیمان التیمی عن أبیہ عن مجاھد عن عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہ۔۔۔ إلخ
(المستدرک للحاکم 378/3 ح 5661 و قال الذہبی فی التلخیص : علیٰ شرط البخاری و مسلم)
یہ سند سلیمان بن طرخان التیمی کے "عن" کی وجہ سے ضعیف ہے۔ سلیمان التیمی مدلس تھے۔ دیکھئے
جامع التحصیل (ص 106) کتاب المدلسین لابی زرعۃ ابن العراقی (24) اسماء من عرف بالتدلیس للسیوطی (20) التبیین لأسماء المدلسین للحلبی (ص 29) قصیدۃ المقدسی و طبقات المدلسین للعسقلانی (52/2)
امام یحییٰ بن معین نے فرمایا:
"سلیمان التیمی تدلیس کرتے تھے۔"
(تاریخ ابن معین ، روایۃ الدوری: 3600)
امام ابن معین کی اس تصریح کے بعد سلیمان التیمی کو طبقئہ ثانیہ یا اولیٰ میں ذکر کرنا غلط ہے بلکہ حق یہ ہے کہ وہ طبقئہ ثالثہ کے مدلس ہیں لہٰذا اس روایت کو "صحیح علیٰ شرط الشیخین" نہیں کہا جاسکتا۔
سند نمبر: 03
أبوحفص و کلثوم عن أبی غادیۃ قال ۔۔۔۔۔ فقیل قتلت عمار بن یاسر و أخبر عمر و بن العاص فقال : سمعت رسول اللہ ﷺ یقول : إن قاتلہ و سالبہ فی النار ۔۔۔ إلخ
(طبقات ابن سعد : 261/3 و اللفظہ لہ، مسند احمد 198/4 ، الصحیحۃ : 19/5)
اس روایت کے بارے میں شیخ البانی نے کہا : "وھٰذا أسناد صحیح ، رجالہ ثقات رجال مسلم۔۔۔"
عرض یہ ہے کہ ابو الغادیہ رضی اللہ عنہ تک اس سند کے صحیح ہونے کا مطلب نہیں ہے کہ "قاتلہ و سالبہ فی النار" والی روایت بھی صحیح ہے۔
ابو الغادیہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں : "فقیل ۔۔۔ إلخ" پس کہا گیا کہ تو نے عمار بن یاسر کو قتل کیا ہے۔ اور عمرو بن العاص کو یہ خبر پہنچی ہے تو انھوں نے کہا : میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا : بے شک اس (عمار) کا قاتل اور سامان لوٹنے والا آگ میں ہے۔ اس سے معلوم ہوا کہ اس روایت کا راوی "فقیل" کا فاعل ہے جو نامعلوم (مجہول) ہے۔راوی اگر مجہول ہو تو روایت ضعیف ہوتی ہے لہٰذا یہ "فی النار" والی روایت بلحاظِ سند ضعیف ہے۔ "إسنادہ صحیح" نہیں ہے۔
دوسرے یہ کہ ابو الغادیہ رضی اللہ عنہ سے روایت دو راوی بیان کررہے ہیں : (ا) ابو حفص : مجہول (ب) کلثوم بن جبر : ثقہ امام حماد بن سلمہ رحمہ اللہ نے یہ وضاحت نہیں فرمائی کہ انھوں نے کس راوی کے الفاظ بیان کئے ہیں ؟ ابو حفص (مجہول) کے یا کلثوم بن جبر (ثقہ) کے اور اس بات کی بھی کوئی صراحت نہیں ہے کہ کیا دونوں راویوں کے الفاظ من و عن ایک ہی ہیں یا ان میں اختلاف ہے۔
اہم ترین وضاحت:
اس طبقات ابن سعد اور مسند احمد والی سند نمبر تین کے بارے میں علامہ، محدث ذھبی رحمہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:
روى حماد بن سلمة عن كلثوم عن أبي الغادية ثم ساق الحديث، وقال رحمه الله " إسناده فيه انقطاع "
پوری حدیث ذکر کرنے کے بعد فرماتے ہیں اس میں انقطاع ہے۔
(سير أعلام النبلاء 2/ 544)
جس انقطاع کی طرف ذھبی نے اشارہ کیا ہے اسکی یہ مندرجہ ذیل صورت بھی ہو سکتی ہے:
اس روایت میں جملہ ہے (فاخبر عمرو) حضرت عمرو رضی اللہ عنہ کو خبر دی گئی سیدناعمار رضی اللہ عنہ کو قتل گیا ہے۔
سوال یہ ہے یہ جملہ کہنے والا کون ہے؟
گویاکہ ذھبی رحمہ اللہ کا اشارہ اس طرف ہے کہ یہ جملہ کہنے والا کلثوم بن جبر ہے۔ یعنی کلثوم بن جبر کہہ رہے ہینکہ عمرو رضی اللہ عنہ کو بتایا گیا کہ عمار رضی اللہ عنہ کو قتل کیا گیا ہے تو اس وقت عمرو رضی اللہ عنہ فرمایا: قاتل عمار۔۔۔۔۔ الخ اور کلثوم بن جبر کا جابر رضی اللہ عنہ سے سماع ثابت نہیں لھذا سند منقطع ہے.
اھم ترین نوٹ:
اس حوالے سے جو طبقات ابن سعد کا متن ہے وہ سخت ترین معلول ہے۔ اس میں دو علتیں ہیں۔
پہلی علت:
اس مذکورہ روایت کے حوالے سے طبقات ابن سعد کے الفاظ ہیں:
قتلت عمارا بن یاسر
م نے عمار بن یاسر کو قتل کیا ہے۔
جبکہ مسند احمد میں امام احمد نے یہ الفاظ ذکر نہیں کیے بلکہ وہاں الفاظ ہیں :
قتل عمار بن یاسر
عمار کو قتل کر دیا گیا ہے۔
(مسند احمد/17776)
یعنی مسند احمد اور ابن سعد کے متن میں ٹکراؤ ہے، جبکہ سند ایک ہی ہے۔
دونوں جملوں کے مفہوم میں بڑا فرق ہے۔
مسند میں ہے عمار کو قتل کر دیا گیا ہے یعنی قاتل کا پتہ نہیں جبکہ دوسری روایت کے مطابق قاتل ابو الغادیہ رضی اللہ عنہ ہیں۔ تو ٹکراؤ کی صورت میں بھی ترجیح مسند احمد والی روایت کو ہوگی کیونکہ امام احمد بن حنبل رحمۃ اللہ علیہ،ابن سعد رحمہ اللہ سے کئی گناہ زیادہ احفظ، اور اوثق ہے لھذا طبقات ابن سعد کا متن بھی معلول ہے۔
حافظ ابن حجر التقريب میں احمد بن حنبل کے ترجمے میں کہتے ہیں:
أحد الأئمة ثقة حافظ فقيه حجة
اور ابن سعد کے ترجمے میں فرماتے ہیں:
صدوق فاضل
دونوں شخصیتوں کا فرق واضح ہے۔
دوسری علت قادحہ:
ابن سعد کے اندر الفاظ ہیں ابو غادیہ کہتے ہیں کہ:
سمعت عمار بن ياسر يقع في عثمان يشتمه بالمدينة قال: فتوعدته بالقتل قلت: لئن أمكنني الله منك لأفعلن ..۔۔الخ
میں نے عمار بن یاسر رضی اللہ عنہ کو سنا وہ حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کو گالیاں دے رہا تھا مدینہ کے اندر۔
اب آپ بتائیں کہ خلیفہ برحق سیدنا امیرالمومنین عثمان رضی اللہ عنہ کو عمار رضی اللہ عنہ گالیاں کیسے دے سکتے ہیں؟
یہ بھی قادح نکارت موجود ہے اس متن میں۔
اس روایت کی ایک اور بھی سند بھی ہیں لیکن وہ بھی ضعیف ہیں۔
سند نمبر: 04
القاسم بن الليث الرسعني بتنیس وعبد الصمد بن عبد الله الدمشقي قال ثنا هشام بن عمار ثنا سعيد بن يحيى حدثنا الحسن بن دينار عن كلثوم بن جبر المرادي عن أبي الغادية قال: سمعت رسول الله يقول: قاتل عمار في النار وهوالذي قتل عمار۔
رواه ابن أبي حاتم في العلل (2/ 421 رقم الاثر:2769) وابن عدي في الكامل (123/3 )
ابن عدی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
وهذا الحديث لا يعرف إلا بالحسن بن دينار من هذا الطريق أبوالغادية اسمه يسار بن سبع.
اس روایت کو نہیں جانا جاتا مگر حسن بن دینار کی اس سند کے ساتھ۔
اور حسن بن دینار سخت ضعیف ترین راوی ہے ۔
اسکے بارے میں ابو حاتم الرازی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
متروک الحدیث
(العلل لابن ابی حاتم ج6 ص233 رقم المسلسل:2479)
ابن حبان رحمہ اللہ تعالیٰ اسے کتاب المجروحین (ج 1 ص206 الرقم: 206) میں ذکر کرتے ہیں اور کئی محدثین کے اقوال ذکر کرتے ہیں جو اسے مردود کہتے ہیں ان میں سے یحییٰ بن معین بھی ہیں۔
عقیلی اس کو ضعفاء میں ذکر فرماتےہیں اور ابن مبارک اور وکیع رحمہم اللہ کے اقوال نقل کرتے ہیں کہ انہوں نے اس کی روایت کو ترک کر دیا۔
(الضعفاء: 1 ص271)
اسی طرح ابن الجوزی رحمہ اللہ نے اسے الضعفاء میں ذکر کیا ہے۔
اسی طرح دیگر محدثین مثلا ابوداؤد، نسائی،فلاس، ابو خیثمہ رحمھم اللہ نے بھی اسکی سخت جرح کی ہے۔ ( تفصیل کےلیے لسان المیزان اور تھذیب الکمال وغیرہ دیکھیں).
خلاصہ کلام:
خلاصہ کلام یہ ہے کہ عمار رضی اللہ عنہ کا قاتل آگ میں ہے یہ روایت اپنی تمام اسناد کے ساتھ ضعیف اور مردود ہے۔
دوسرا سوال یہ ہے کہ سیدنا عمار بن یاسر رضی اللہ عنہ کا قاتل کون تھا؟
اس حوالے سے کچھ علماء کا خیال ہے کہ وہ ابوغادیہ رضی اللہ عنہ تھا۔
لیکن صحیح موقف یہ ہے کہ اس کے بارے میں کوئی حتمی معلومات نہیں ہے۔ جیساکہ مسند احمد میں صحیح سند کے ساتھ ایک روایت ہے
جناب حنظلہ بن خولید عنبری کہتے ہیں کہ:بَيْنَمَا أَنَا عِنْدَ مُعَاوِيَةَ، إِذْ جَاءَهُ رَجُلَانِ يَخْتَصِمَانِ فِي رَأْسِ عَمَّارٍ، يَقُولُ: كُلُّ وَاحِدٍ مِنْهُمَا أَنَا قَتَلْتُهُ.
میں سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے پاس موجود تھا جب دوبندے جھگڑاکرتے ہوئےسیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ کے پاس آئےدونوں میں سے ہر ایک کا دعوی یہ تھاکہ میں نے سیدنا عمار رضی اللہ عنہ کو شہید کیاہے۔
(مسند احمد: حدیث نمبر(6538 دوسرا نسخہ 6929))
مذکورہ روایت پر غور کیا جائے تو تین صورتیں ہیں،
اب دو صورتیں ہوسکتی ہیں:
(1) ان دونوں میں سے ایک سیدنا ابو الغادیہ رضی اللہ عنہ ہونگے۔
(2) یہ دونوں دعویدار کوئی اور ہونگے۔
اگر یہ دونوں کوئی اور ہیں تو پھر سیدنا عمار رضی اللہ عنہ کے قتل کا دعوی کرنےو الے تین لوگ ہوئے،اور اگر یہ مان لیا جائے کہ ان دونوں میں سے ایک ابوالغادیہ رضی اللہ عنہ تھے اور دوسرا کوئی اور تھاتو پھر بھی کم ازکم دو لوگ دعویدار ہیں اس بات کہ ہم نے سیدنا عمار رضی اللہ عنہ کو قتل کیا ہے،اب اس صورتِ حال میں کیسے حتمی اور یقینی طور پر کہی جاسکتی ہے کہ قاتلِ عمار ابو الغادیہ رضی اللہ عنہ ہی ہیں؟اب ظاہر ہے کہ جنگ کے موقع پر کسی کے پاس اتنا اطمینان نہیں ہوتا کہ کوئی بندہ یقینی طور پر یہ دعوی کرے کہ میرا تیر ہی اس کو لگا اور وہ میرے تیر کی وجہ سے ہی فوت ہوا، کیونکہ ہر طرف سے تو تیر آرہے ہوتے ہیں،جب کہ دوسرا شخص بھی یہی دعوی کرتا ہے کہ میرے تیر کی وجہ سے قتل ہوئے ہیں، اب تین یا کم ازکم دو بندے دعویدار ہیں ان میں سے آپ کسی ایک کے بارے میں یقینی اور حتمی طور پر کیسے کہہ سکتے ہیں کہ وہی قاتل ہے؟ ہم اس صحیح حدیث کی وجہ سے اس بات کو نہیں مانتے کہ سیدنا ابو الغادیہ رضی اللہ عنہ ہی یقینی اور حتمی طور پر قاتلِ سیدنا عمار رضی اللہ عنہ ہیں۔ جب ایسا نہیں کیا جاسکتا تو وہ وعید کہ جس میں ہے کہ عمار کا قاتل اور اس کا مال لوٹنے والا جہنم میں جائے گا سیدنا ابوالغادیہ رضی اللہ عنہ پر فٹ نہیں کی جاسکتی۔
اس میں ابن سعد نے امام احمد کی مخالفت کی ہے جس میں ہے کہ ابوغادیہ رضی اللہ عنہ کو کہا گیا تم نے قتل کیا ہے۔ اس روایت کی سند اور متن کے حوالے تفصیلی بحث آغاز میں گزرا۔
نوٹ:
س حوالے سے طبراني الكبير 364/22 (زوائد المسند4/ 76) وغیرہ میں ایک روایت موجود ہے جس میں اشارہ موجود ہے کہ ابو غادیہ رضی اللہ عنہ نے عمار رضی اللہ عنہ کو قتل کیا تھا لیکن وہ سند بھی صحیح نہیں۔
اس روایت میں سب سے بڑی علت یہ ہے کہ اس میں عبد الأعلى بن عبد الله بن عامر بن كريز القرشی۔ نامی راوی موجود ہے لیکن وہ مجہول ہے ان کےبارے میں کوئی جرح و تعدیل نہیں ملتی۔
امام بخاری نے(التاريخ الكبير 6ص71 رقم الترجمة=1742) میں اور ابو حاتم الرازی نے (ج6ص27 الجرح والتعدیل) میں ان کا صرف تذکرہ کیا اور کوئی جرح وتعدیل نہیں کی۔
اھم ترین نوٹ:
کئی علماء کی رائے کے مطابق ابو الغادیہ رضی اللہ عنہ بیعت رضوان میں شریک ہوئے تھے۔جیسا کہ علامہ ذہبی رحمہ اللہ فرماتے ہیں
من وجوه العرب وفرسان أهل الشام يقال شهد الحديبية وله أحاديث مسندة
(ج2ص544)
عرب کے بڑے افراد میں تھے اہل شام کے گھڑسواروں میں سے تھے ،کہا گیا کہ وہ صلح حدیبیہ میں شریک ہوئے تھے تھے اور اس سے مروی کئی مسند احادیث ہیں۔ صلح حدیبیہ کے شرکاء کیےلیے رب کا قرآن میں فیصلہ ہے۔
لَّقَدْ رَضِيَ اللَّهُ عَنِ الْمُؤْمِنِينَ إِذْ يُبَايِعُونَكَ تَحْتَ الشَّجَرَةِ فَعَلِمَ مَا فِي قُلُوبِهِمْ فَأَنزَلَ السَّكِينَةَ عَلَيْهِمْ وَأَثَابَهُمْ فَتْحًا قَرِيبًا
یقیناً اللہ تعالیٰ مومنوں سے خوش ہوگیا جبکہ وہ درخت کے نیچے تجھ سے بیعت کر رہے تھے ان کے دلوں میں جو تھا اسے ( اللہ ) نے معلوم کرلیا اور ان پر اطمینان نازل فرمایا اور انہیں قریب کی فتح عنایت فرمائی.
(الفتح:18)
اسی طرح آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے:
عن جَابِرَ بْنَ عَبْدِ اللهِ، يَقُولُ: أَخْبَرَتْنِي أُمُّ مُبَشِّرٍ، أَنَّهَا سَمِعَتِ النَّبِيَّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، يَقُولُ عِنْدَ حَفْصَةَ: «لَا يَدْخُلُ النَّارَ، إِنْ شَاءَ اللهُ، مِنْ أَصْحَابِ الشَّجَرَةِ أَحَدٌ، الَّذِينَ بَايَعُوا تَحْتَهَا»
جابر بن عبد اللہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتےہیں کہ۔مجھےام مبشر رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے خبر دی کہ انھوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو حضرت حفصہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے ہاں یہ فرما تے ہو ئے سنا،"ان شاء اللہ اصحاب شجرہ(درخت والوں) میں سے کو ئی ایک بھی جس نے اس کے نیچے بیعت کی تھی جہنم میں داخل نہ ہو گا ۔
(مسلم:6404)
اس حدیث اور قرآن سے پتہ چلا کہ اھل بیعت رضوان سے اللہ ہمیشہ کےلیے راضی ہوگیا ، انکے دلوں میں موجود سچا ایمان اللہ تعالی نے جان لیا،اور وہ کبھی جہنم میں داخل نہیں ہوں گے۔
 
Top