طبی ماہرین نے ایک دفعہ پھر سبزچائے کی افادیت کو تسلیم کرتے ہوئے اس کو دانتوں اور آنکھوں کیلئے مفید قرار دے دیا ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق دن میں ایک کپ سبز چائے پینے سے دانتوں کی بیماریاں ختم ہوجاتی ہیں تو دوسری تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ آنکھوں کی بیماری ’’گولوکوما‘‘موتیا کے مضراثرات کو زائل کرنے میں سبز چائے مجرب ثابت ہوئی ہے۔ دانتوں سے متعلق تحقیق کولمبیا یونیورسٹی کے پروفیسر الفریڈو موریب نے مکمل کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ سبز چائے بغیر چینی کے استعمال کرنی چاہیئے تاکہ یہ دانتوں میں پلنے والے خطرناک بیکٹیریا کو ختم کرسکے۔ دوسری تحقیق میں اسی نوعیت کے نتائج سامنےآئے ہیں جن میں بتایا گیا ہے کہ سبز چائے جسم میں زہریلے مادوں کو ختم کرتی ہے اور ان زہریلے مادوں کی وجہ سے آنکھوں کے عضلات میں خرابیوں سے موتیا اور دیگر بیماریاں لاحق ہوجاتی ہیں۔ اس تحقیق کو پروفیسر جائی پیوئی پانگ نے مکمل کیا۔ اس تحقیق میں انہوں نے سبز چائے کے ہمراہ وٹامن سی ، وٹامن ای، لیوٹائن اور زیکستھان مادوں پر بھی تحقیق کی ۔ لیبارٹری تجربات کے بعد معلوم ہوا کہ سبز چائے کے اثرات اس سے زیادہ بہتر ہیں۔