سب سے بہترین دن ہے

محمدداؤدالرحمن علی

خادم
Staff member
منتظم اعلی

حضرت سوید بن غفلہ کہتے ہیں کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ پر سخت فاقہ تھا ، انہوں نے حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا سے فرمایا : اگر تم اپنے ابا جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں جا کر کچھ لے آو تو اچھا ہے ، چنانچہ حضرت فاطمہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئیں ، اس وقت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس حضرت ام ایمن رضی اللہ عنہا موجود تھیں ، حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا نے دروازہ کھٹکھٹایا تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ام ایمن سے فرمایا یہ کھٹکھٹاہٹ تو ”فاطمہ“ کی ہے اور تعجب کا اظہار فرمایا کہ آج اس وقت آئی ہے پہلے کبھی تو اس وقت نہیں آیا کرتی تھیں ۔ حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا اندر آگئیں اور عرض کیا یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! فرشتوں کا کھانا لاالٰہ الا اللہ ، سبحان اللہ اور الحمد لِلہ کہنا ہے ۔ اور ہمارا کھانا کیا ہے ؟ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : اس ذات کی قسم جس نے مجھے حق دے کر بھیجا ہے ، محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے گھرانے کے کسی گھر میں تیس دن سے آگ نہیں جلی ۔ پھر فرمایا ہمارے پاس چند بکریاں آئی ہیں اگر تم چاہو تو پانچ بکریاں تمہیں دے دوں ، اور اگر چاہو تو وہ پانچ کلمات تمہیں سکھا دوں جو حضرت جبرائیل علیہ السلام نے مجھے سکھائے ہیں ۔ ۔ ۔ حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا نے عرض کیا نہیں مجھے بکریاں نہیں چاہیے بلکہ مجھے تو وہی پانچ کلمات سکھادیں جو آپ کو حضرت جبرائیل علیہ السلام نے سکھائے ہیں ، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تم یہ کہا کرو ۔
یاَاوّلَ الاَوَّلِینَ وَیاَ اٰخِرِینَ وَ یاَ ذَاالقُوَّۃِ المَتِینِ وَ یاَ رَاحِمَ المَسَکِینِ وَیاَ اَر حَمَ الرَّاحِمِینَ ۔
پھر حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا واپس چلی آئیں ، حضرت علی نے پوچھا کیا ہوا ، تو حضرت فاطمہ نے فرمایا میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس دنیا لینے گئی تھی لیکن وہاں سے آخرت لی کر آئی ہوں ۔ حضرت علی رضی اللہ عنہ نے فرمایا پھر تو یہ دن تمہارا سب سے بہترین دن ہے ۔
ماخوذ از : حیاۃ الصحابہ :3/56
 
Top