میوات 4نومبر (صحافت بیورو) شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد زکریا کاندھلوی سہارنپوری رحمۃ اللہ علیہ کے اجل خلیفہ حضرت مولانا محمد ابراہیم رحمۃ اللہ علیہ جنوبی افریقہ کا گزشتہ روز بٹلہ ہاوس ، نئی دہلی میں 66 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا ۔ حضرت مولانا محمد ابراہیم رحمۃ اللہ کی وصیت کے مطابق وفات کے چار گھنٹہ بعد موضع مالپوری ، روپڑا کا ، تحصیل ہتھن ، ضلع پلول ، ہر یانہ ، میوات میں تد فین عمل میں آئی ۔ نماز جنازہ حضرت مرحوم کے صاحبزادہ وخلیفہ مولانا محمد اسحاق صاحب نے پڑھائی ۔ تدفین کے بعد حضرت مفتی رشید احمد صاحب قاسمی مالپوری نے دعا کرائی ۔ مرحوم کے پسماندگان میں تین لڑکے حافظ محمد اسماعیل ، مولانا محمد اسحاق ، حافظ محمد زکریاور ایک لڑکی آپا عائشہ ہیں ۔ یہ اطلاع حافظ سلیم احمدبن حضرت مفتی رشید احمد مالپوری نے دی۔حافظ سلیم احمد نے بتایا کہ حضرت مولانا محمد اپراہیم نورا اللہ مرقدہ نے وصیت کی تھی کہ میرے انتقال کے بعد چار گھنٹوں کے اندر میری تدفین کردی جائے اور رب حقیقی سے ملاقات میں زیادہ دیر نہ کی جائے ۔ نیز ایک وصیت یہ بھی فر مائی تھی کہ ہندوستان میں میرا انتقال ہو جائے تو میری تدفین موضع مالپوری (میوات) میں کی جائے ۔ مولانا محمد ابراہیم مر حوم کے انتقال سے ہندوستان ، جنوبی افریقہ میں ہزاروں مریدین ومتعلقین میں صف ماتم بچھ گیا ۔ حضرت مرحوم شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد زکریا سہارنپوری رحمۃ اللہ علیہ کے اجل خلیفہ تھے ۔ حافظ سلیم احمد نے حضرت مر حوم کیلئے دعائے مغفرت کی اپیل کر تے ہوئے خصوصا متعلقین ومریدین سےدرخواست کی ہے کہ حضرت مر حوم کیلئے ایصال ثواب کی خاطر مکاتب ومدارس میں خصوصی اہتما کیا جائے ۔