رمضان شريف کے روزے کا بيان

احمدقاسمی

منتظم اعلی۔ أیدہ اللہ
Staff member
منتظم اعلی
رمضان شريف کے روزے کا بيان​

مسئلہ۔ رمضان شريف کے روزے کى اگر رات سے نيت کر لے تو بھى فرض ادا ہو جاتا ہے اور اگر رات کو روزہ رکھنے کا ارادہ نہ تھا بلکہ صبح ہو گئى تب بھى يہى خيال رہا کہ ميں آج کا روزہ نہ رکھوں گى پھر دن چڑھے خيال آگيا کہ فرض چوڑ دينا برى بات ہے اس ليے اب روزہ کى نيت کر لى تب بھى روزہ ہو گيا ليکن اگر صبح کو کچھ کھا پى چکى ہو تو اب نيت نہيں کر سکتى۔
مسئلہ۔ اگر کچھ کھايا پيا نہ ہو تو دن کو ٹھيک دوپہر سے ايک گھنٹہ پہلے پہلے رمضان کے روزے کى نيت کر لينا درست ہے۔
مسئلہ۔ رمضان شريف کے روزے ميں بس اتنى نيت کر لينا کافى ہے کہ آج ميرا روزہ ہے يا رات کو اتنا سوچ لے کہ کل ميرا روزہ ہے بس اتنى ہى نيت سے بھى رمضان کا روزہ ادا ہو جائے گا اگر نيت ميں خاص يہ بات نہ آئى ہو کہ رمضان کا روزہ ہے يا فرض روزہ ہے تب بھى روزہ ہو جائے گا۔
مسئلہ۔ رمضان کے مہينے ميں اگر کسى نے يہ نيت کى کہ ميں کل نفل کا روزہ رکھوںگى رمضان کا روزہ نہ رکھوں گى بلکہ اس روزہ کى پھر کبھى قضا رکھ لوں گى تب بھى رمضان ہى کا روزہ ہوا اور نفل کا نہيں ہوا۔
مسئلہ۔ پچھلے رمضان کا روزہ قضا ہو گيا تھا اور پورا سال گزر گيا اب تک اس کى قضا نہيں رکھى پھر جب رمضان کا مہينہ آگيا تو اسى قضا کى نيت سے روزہ رکھا تب بھى رمضان ہى کا روزہ ہوگا اور قضا کا روزہ نہ ہوگا قضا کا روزہ رمضان کے بعد رکھے۔
مسئلہ۔ کسى نے نذر مانى تھى کہ اگر ميرا فلاں کام ہو جائے تو ميں اللہ تعالى کے ليے دو روزے يا ايک روزہ رکھوں گى پھر جب رمضان کا مہينہ آيا تو اس نے اسى نذر کے روزے رکھنے کى نيت کى رمضان کے روزے کى نيت نہيں کى تب بھى رمضان ہى کا روزہ ہوا نذر کا روزہ ادا نہيں ہوا نذر کے روزے رمضان کے بعد پھر رکھے سب کا خلاصہ يہ ہوا کہ رمضان کے مہينے ميں جب کسى روزے کى نيت کرے گى تو رمضان ہى کا روزہ ہوگا اور کوئى روزہ صحيح نہ ہوگا۔
مسئلہ۔ شعبان کى انتيسويں تاريخ کو اگر رمضان شريف کا چاند نکل آئے تو صبح کو روزہ رکھو اور اگر نہ نکلے يا آسماں پر ابر ہو اور چاند نہ دکھائى دے تو صبح کو جب تک يہ شبہ رہے کہ رمضان شروع ہوا يا نہيں روزہ نہ رکھو بلکہ شعبان کے تيس دن پورے کر کے رمضان کے روزے شروع کرو۔
مسئلہ۔ انتيسويں تاريخ ابر کى وجہ سے رمضان شريف کا چاند نہيں دکھائى ديا تو صبح کو نفل روزہ نہ رکھو ہاں اگر ايسا اتفاق پڑا کہ ہميشہ پير اور جمعرات يا کسى اور مقرر دن کا روزہ رکھا کرتى تھى اور آج وہى دن ہے تو نفل کى نيت سے صبح کو روزہ رکھ لينا بہتر ہے پھر اگر کہيں سے چاند کى خبر آگئى تو اسى نفل روزے سے رمضان کا فرض ادا ہو گيا اب اس کى قضا نہ رکھے۔
مسئلہ۔ بدلى کى وجہ سے انتيس تاريخ کو رمضان کا چاند نہيں دکھائى ديا تو دوپہر سے ايک گھنٹہ پہلے تک کچھ نہ کھاؤ نہ پیو۔ اگر کہيں سے خبر آجائے تو اب روزہ کى نيت کر لو اور اگر خبر نہ آئے تو کھاؤ پيو۔
مسئلہ۔ انتيسويں تاريخ چاند نہيں ہوا تو يہ خيال نہ کرو کہ کل کا دن رمضان کا تو ہے نہيں لاؤ۔ ميرے ذمہ جو پار سال کا ايک روزہ قضا ہے اس کى قضا ہى رکھ لوں۔ يا کوئى نذر مانى تھى اس کا روزہ رکھ لوں اس دن قضا کا روزہ اور کفارہ کا روزہ اور نذر کا روزہ رکھنا بھى مکروہ ہے کوئى روزہ نہ رکھنا چاہيے اگر قضا يا نذر کا روزہ رکھ ليا پھر کہيں سے چاند کى خبر آگئى تو بھى رمضان ہى کا روزہ ادا ہوگا قضا اور نذر کا روزہ پھر سے رکھے اور اگر خبر نہيں آئى تو جس روزہ کى نيت کى تھى وہى ادا ہو گيا۔
 
Top