مناجات بدرگاہِ مجیب الدعوات

زنیرہ عقیل

منتظم اعلی۔ أیدہ اللہ
Staff member
منتظم اعلی

مناجات بدرگاہِ مجیب الدعوات

بخش دے اس بندۂ عاجز کو اے مشکل کشا
ہے گناہوں میں غریق وسخت گھبرایا ہوا
نفس وشیطاں کی رفاقت نے رَکھا مجھ کو بعید
خاسر ونادم تِرے درپہ ہوں اب آیا ہوا
دَرتِرے کو چھوڑ کر کس دَر پہ جاؤں اے کریم
ہے ترا فضل وکرم سب خلق پر چھایا ہوا
ہے تری رحمت وسیع، تیرے غضب پر اے رحیم
بااُمیدِ لطف ہوں دامن کو پھیلایا ہوا
آرزو یہ ہے کہ مرتے دَم رہوں گھر میں تِرے
ہوزبان ودِل میں تیرا ذکر دُہرایا ہوا
دِین کا خادم بنا اس ناتواں، ناچیز کو
گلشنِ تعلیم سے عالَم کو مہکایا ہوا
دور رکھ مجھ کو الٰہی حُبِّ مال وجاہ سے
عشق سے تیرے رہوں میں دِل کوگرمایا ہوا
اپنے فضلِ خاص سے حُبِّ محمدﷺ کر عطا
ہے تیرا اَبرِکرم عالَم پہ برسایا ہوا
ہوں قیامت میں تِرے محبوب کے جھنڈے تلے
اپنی بخشش کا و سیلہ اُن کو پھر لایا ہوا
کون ہے منظور کا بِن تیرے اے پروردگار
نامۂ اَعمال سے ہوں دِل میں شرمایا ہوا

(شیخ التفسیر حضرت مولانا منظور احمد نعمانی، ظاہر پیر)
 
Top