حج و عمرہ

اسداللہ شاہ

وفقہ اللہ
رکن
سوال:
(۱) اگر کوئی احرام کی حالت میں غلط الفاظ بولے یا کسی کو گالی دے (خبیث وغیرہ) تو اس پر کیا جرمانہ ہوگا؟ کیا اس کو دم دینا ہوگا؟ اگر ہاں تو کیا؟(۲)کیا والد اپنی بیٹی کو اپنے شوہر سے طلاق لینے کا حکم دے سکتاہے؟جب کہ وہ ایسا کرنا نہیں چاہتی ہے، اگر نہیں تو کیا یہ حکم شریعت کے خلاف ہے؟(۳) اگر کوئی مسلمان دوسرے مسلمان کو گناہ / حرام کام(رشوت لینا ، سودی کاروبار کرنا، شراب پینا وغیرہ) کرنے پر مجبور کرے جب کہ وہ اللہ پر ایمان رکھتاہے، تو کیا یہ شرک ماناجائے گا؟(۴) کیاسگریٹ نوشی حرام ہے؟کیا تمبا کو کی کسی شکل (سگریٹ ، تمباکو، سگار وغیرہ)کے استعمال کرنے کی اجازت ہے ؟جب کہ تحقیق سے یہ ثابت ہوگیاہے کہ یہ صحت کے لیے نقصان دہ ہے اور جسم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچتاہے۔(۵) کیا روزہ کی حالت میں ٹوتھ پیسٹ کا استعمال کرنا جائز ہے؟کیا یہ صحیح ہے کہ روزہ کی حالت میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم مسواک استعمال فرماتے تھے؟ چونکہ مسواک میں بھی ٹیسٹ ہوتاہے، روزہ کی حالت میں ٹوتھ پیسٹ کے استعمال کرنے کے سلسلے میں فقہی حکم کیا ہے؟ براہ کرم، تفصیل سے جواب دیں۔

جواب:
(۱) احرام کی حالت میں غلط الفاظ بولنا بہت بڑا گناہ ہے، قرآن وحدیث میں اس کی ممانعت آئی ہے ﴿الْحَجُّ اَشْہُرٌ مَعْلُوْمَاتٌ فَمَنْ فَرَضَ فِیْہِنَّ الْحَجَّ فَلَا رَفَثَ وَلَا فُسُوْقَ وَلَا جِدَالَ فِیْ الْحَجِّ﴾ لہٰذا اگر کوئی ایسا کرتا ہے تو اس کو چاہیے کہ سچے دل سے توبہ کرے اور اپنی حیثیت کے مطابق تھوڑا بہت صدقہ کرے، البتہ اس کی وجہ سے اس پر کوئی جرمانہ یا دم لازم نہ ہوگا۔
(۲) اگر شوہر، بیوی کے حقوق ادا کررہے ہوں اور دونوں کے درمیان کوئی ایسی سخت اہم بات پیش نہ آئی ہو، جو طلاق کی متقاضی ہے تو والد کے لیے ہرگز جائز نہیں کہ وہ اپنی بیٹی کو طلاق لینے کا حکم دیں۔ باپ کس وجہ سے طلاق لینے کا حکم دے رہے ہیں، اس کی پوری تفصیل لکھیں نیز لڑکی کی مرضی کیا ہے؟ اس کے دستخط کے ساتھ تحریر کریں، پھر اس سے متعلق شرعی حکم بتلایا جائے گا ان شاء اللہ۔
(۳) رشوت لینا، سود لینا اور شراب پینا ایسے گناہ ہیں جو نصوصِ قطعیہ کی رو سے حرام ہیں، لہٰذا کوئی آدمی اگر ان کو خود حلال سمجھ کر، دوسرے کو ان کے ارتکاب پر مجبورکرتا ہے تو یہ کفر مانا جائے گا؛ لیکن اگر حلال نہیں سمجھتا؛ بلکہ حرام سمجھتے ہوئے، ایسا کرتا ہے تو یہ گناہِ عظیم ہے؛ البتہ اس کی وجہ سے کفر وشرک لازم نہ آئے گا۔ إن من اعتقد الحلال حرامًا أو علی القلب، یکفّر إذا کان حراما لعینہ وثبتت حرمتہ بدلیل قطعيّ (مراقي الفلاح: ۱۳۸، دارالمکتب العلمیة)
(۴) شوقیہ سگریٹ پینا مکروہ ہے، البتہ اس سے نشہ آتا ہو تو پھر حرام ہے، تمباکو کو پان کے ساتھ ملاکر کھانے کی عندالضرورت اجازت ہے؛ البتہ بلاضرورت یا نقصان دہ ہونے کی شکل میں کسی طرح کا تمباکو جائز نہیں۔
(۵) چوں کہ ٹوتھ پیسٹ میں ذائقہ بہت زیادہ محسوس ہوتا ہے نیز اس پر نہ مسواک کا اطلاق ہوتا ہے اور نہ سنتِ مسواک کی ادائیگی کے لیے اس کی ضرورت ہے، اس لیے روزے کی حالت میں ٹوتھ پیسٹ کا استعمال مکروہ ہے؛ لیکن اگر اس کے ذرات حلق میں پہنچ جائے تو روزہ ٹوٹ جائے گا، اور عموماً حلق تک پہنچ جاتے ہیں؛ اس لیے حتی الامکان اس سے بچنا چاہیے، جی ہاں حضور صلی اللہ علیہ وسلم روزے کی حالت میں مسواک کیا کرتے تھے ”عن عامر بن ربیعة قال رأیت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم یَسٴتاک وہم صائم مالا أعد ولا أحصي أخرجہ أبوداوٴد والترمذي (نصب الرایة: ۱/۴۵۹)

واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء
 

اسداللہ شاہ

وفقہ اللہ
رکن
سوال:
میرا سوال مندرجہ ذیل ہے: (۱) میرا کیبل ٹی وی نیٹ ورک کا کاروبار جامعہ نگر، نیو دہلی میں ہے۔ کیا یہ کاروبار جائز ہے؟ (۲) کیبل ٹی وی کی آمدنی سے حج کر سکتے ہیں؟ (۳) اور کیبل ٹی وی کا کاروبار غلط ہے تو کیا جو مولانا اور مفتی ٹی وی پر پروگرام پیش کرتے ہیں وہ جائز ہے؟
(۴) اگر کیبل ٹی وی کا کام غلط ہے تو اب ہم کیا کام کریں؟

جواب:
یہ کام آپ کا شرعاً جائز نہیں۔
(۲) ناجائز کام کی آمدنی جائز نہیں، اس لیے ایسے پیسوں سے حج کے لیے جانا درست نہیں۔
(۳) وہ بھی ناجائز ہے۔
(۴) کوئی اور جائز اور حلال اور پاک وصاف کمائی والا کاروبار اختیار کریں۔

واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء
 

اسداللہ شاہ

وفقہ اللہ
رکن
سوال:
اگر مصنوعی بال لگے ہوں اس طورپر کہ بالکل فکس ہوں ، جدا نہ ہوتے ہوں اور لمبے بھی نہ ہوتے ہیں تو حج یا عمرہ میں حلق کا کیا حکم ہے؟قصر بھی ممکن نہیں کیوں کہ ایک پورے سے کم ہے، یہ بال ہوتے بھی ہیں بہت مہنگے تو کیا یہ صحیح معذور سمجھا جائے گا؟

جواب:
اگر اتنے چھوٹے بال ہیں جو ایک پوروے سے بھی کم ہیں تو پھر حلق ہی کرانا ہوگا۔ دوبارہ پھر مصنوعی بال لگواسکتے ہیں۔ مہنگا تو اسے برداشت کریں۔ گنجے کے لیے بھی استرہ سرپر پھروانا ضروری ہے۔

واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء
 

اسداللہ شاہ

وفقہ اللہ
رکن
سوال:
(۱) اگر کسی عورت کو حج کے دوران ماہواری شروع ہوجاتی ہے تو اس کا مسئلہ کیا ہے؟
(۲) ہمارے پڑوس میں ایک بہت ہی غریب شخص رہتا تھا جس کے پاس کھانے یا اپنی زندگی کوگزارنے کے لیے زبادہ پیسے نہیں ہیں۔ اور میں حج کرنے کے لیے جاتا ہوں تو کیا مسئلہ ہے؟

جواب:
(۱) علاوہ کعبة اللہ شریف کے طواف کے، تمام مناسک حج کے ادا کرے گی۔

(۲) اس غریب شخص کی غربت اور دینی حالت نیز اپنے جذبہٴ حجّ نفل کی پوری تفصیل بتلاکر مقامی علمائے کرام اصحابِ فتویٰ حضرات کی ہدایات کے مطابق عمل کریں۔ رہا حج فرض سو اس کو تو فرض ہوتے ہی ادا کرنا فرض ہے۔

واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء
 

اسداللہ شاہ

وفقہ اللہ
رکن
سوال:
ایک شخص روضہٴ اقدس کی زیارت کو جارہا ہے ، کیا اس سے یہ کہا جاسکتا ہے کہ آپ حضور صلی اللہ علیہ وسلم تک میرا سلام پہنچادینا؟ (۲) جب ہم التحیات نماز میں پڑھتے ہیں تو کیا ”السلام علیک ایھا النبی“ پڑھنا چاہئے کہ نہیں؟ایک صاحب کا کہناہے کہ تشہد میں ترمیم کی گئی ہے ،اب ”ایھا النبی“ کی جگہ ”علی النبي“ کہنا چاہئے؟براہ کرم، اس سلسلے میں میری رہنمائی فر مائیں۔

جواب:
(۱) جی ہاں یہ کہنا درست ہے اور مستحسن ہے۔
(۲) جی ہاں جو درود جس طرح احادیث صحیحہ میں ماثور ہے یعنی ”السلام علیک أیہا النبي“ پڑھنا چاہیے، اس میں کوئی ترمیم نہیں ہوئی ہے۔ نہ کسی کو ترمیم کا حق ہے۔ یہ ترمیم کی بات بڑی جہالت کی بات آپ نے سنائی۔ ایسا آئندہ کسی مسلمان کو نہ سوچنا چاہیے نہ کہنا چاہیے۔

واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء
 

اسداللہ شاہ

وفقہ اللہ
رکن
سوال:
عورت کے پردہ کے بارے میں ہے ۔ کیا طواف کے وقت اور حج کے ارکان کے وقت بھی عورت کو چہرہ چھپانا لازم ہے؟حدیث کی روشنی میں وضاحت فرمائیں۔

جواب:
عورت کا احرام اس کے چہرے میں ہوتا ہے لہٰذا احرام کی حالت میں چہرے کو ڈھکنا تو جائز نہیں، لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ احرام کی حالت میں عورت کو پردے کی چھوٹ ہوگئی، جہاں تک ممکن ہو پردہ ضروری ہے، اور نامحرموں سے چہرے کو چھپانا لازم ہے، اس کے لیے عورت کو چاہیے کہ سر پر کوئی چھجا سا لگالے اور اس کے اوپر کپڑا یا نقاب ڈال لے اس طور پر کہ وہ چہرے کو نہ لگے اور پردہ بھی ہوجائے۔

واللہ تعالیٰ اعلم
دارالافتاء
 
Top