امام حرم مکی شیخ ماہر المُعَیقلِی

مبصرالرحمن قاسمی

وفقہ اللہ
رکن
امام حرم مکی شیخ ماہرحمد المُعَیقلِی​

امیر القراء شیخ ماہرحمد مُعَیقِل المُعَیقلِی حرم مکی میں امام ہیں، فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمن بن عبدالعزیز السدیس اور فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر سعود بن ابراہیم الشریم کے بعد عالمی سطح پر اپنی خوش الحان آواز کی وجہ سے مسلمانانِ عالم میں مشہور ہیں، خلیجی ملکوں میں حفظِ قرآن کررہے زیادہ ترطلباء تلاوت پاک میں آپ کی نقل کرنا پسند کرتے ہیں، شیخ ماہر کی آواز میں سوز ، شیرینی اور خوفِ الہی کا اثر جھلکتا ہے۔ آپ کی شیریں اور سوز سے بھری تلاوتِ قرآن کی آواز سے سامعین میں رقتِ قلب اور خوفِ الہی پیدا ہوتا ہے اور دل چاہتا ہے کہ صاف وشفاف بہتے چشمے کی طرح رواں اس آواز کو بلاتوقف سنتے رہیں۔
پیدائش اور ابتدائی حالات وتعلیم:
شیخ موصوف 18 شوال 1388 ہجری کو مدینہ منورہ میں پیدا ہوئے، اور اللہ کے محبوب کے محبوب شہر میں پرورش پائی ، آپ کے والد بزرگوار کا نام شیخ حمد بن معیقل ہے اور’ ابو محمد‘ کنیت ہے جنکا تعلق مملکت سعودی عرب کے ینبع النخل علاقے میں واقع سویقہ نامی ایک قصبے سے ہے، آپ نے حفظ ِقرآن مدینة الرسول میں مکمل کیا۔
حفظِ قر آن کریم کے بعد مدینہ منورہ کے ایک اسکول سے ثانویہ کی تعلیم حاصل کی، ثانویہ کے بعد کلیة المعلمین میں داخل ہوئے اور وہاں سے ریاضی کے مضمون میں تدریس کی تربیت حاصل کی۔
میدان عمل میں :
آپ نے تعلیمی سلسلہ مکمل ہونے کے بعد عملی زندگی میں قدم رکھا ، سب سے پہلے مکہ مکرمہ پہنچے اور وہاں مدرسہ بلاط الشہداءمیں درس وتدریس کے پیشے سے منسلک ہوئےکچھ عرصہ بعد شیخ موصوف کو متوسطہ امیرعبدالمجید اسکول میں خصوصی نگراں منتخب کرلیا گیا؛ اس اثناء شیخ نے اعلی تعلیم کا سلسلہ بھی جاری رکھا اور ام القری یونیورسٹی میں شریعہ میں ماسٹرس کی اسٹڈی کرتے رہے اور سال 1425 ہجری میں ماسٹرس ڈگری حاصل کرلی۔ اور ایم اے کے لیے فقہ حنبلی پر مقالہ تحریر کیا، اس کے بعد آپ نے علم تفسیر کے موضوع پر ڈاکٹریٹ کا مقالہ تحریر کیا اور اس طرح شریعہ میں پی ایچ ڈی بھی مکمل کی۔ فی الحال شیخ موصوف ام القری یونیورسٹی کے شریعہ اوردراسات اسلامیہ فیکلٹی کے شعبہ قضاءمیں لیکچرار کی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
حرمین شریفین میں امامت کا شرف:
شیخ ماہر پہلے ہی سے امامت وخطابت کے میدان سے وابستہ تھے اور مکہ مکرمہ کے علاقے العولی میں واقع مسجد جامع السعدی میں امام وخطیب تھے۔ یہ وہ مسجد ہے جہاں آپ ماہ رمضان کے علاوہ ایام میں آج بھی امامت وخطابت کے فرائض انجام دیتے ہیں۔
سن 1426ھ میں مسجد نبوی میں امام مقرر ہوئے اور پھر حرم مکی میں امامت کے منصب پر فائز ہوئے۔[/size]
 

پیامبر

وفقہ اللہ
رکن
جزاک اللہ خیرا۔ یہ میرے پسندیدہ قاری ہیں۔ میں ان کی تلاوت ہمیشہ اپنے پاس رکھتا ہوں۔
 
Top